نئی دہلی(اے یو ایس )وزیر اعظم نریندر مودی اپنا دورہ امریکہ ختم کرنے کے بعد 24 جون کو مصر روانہ ہوں گے۔ یہ 1997 کے بعد کسی ہندوستانی وزیر اعظم کا مصر کا پہلا دورہ ہوگا۔ یہ وزیر اعظم مودی کا مصر کا پہلا دورہ بھی ہے۔ اس دورے میں وہ 11ویں صدی کی مشہور الحاکم مسجد بھی جائیں گے۔ خارجہ سکریٹری ونے موہن کواترا نے اس کی تصدیق کی ہے۔ اس کے بعد وہ ہیلیو پولس وار قبرستان کا دورہ کریں گے جہاں پہلی عالمی جنگ کے دوران مصر کے لیے لڑتے ہوئے عظیم قربانی دینے والے ہندوستانی فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔خیال رہے کہ حال ہی میں مصری صدر نے بھارت کے یوم جمہوریہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی تھی۔ اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم مصر میں موجود ہندوستانیوں سے بات چیت کریں گے اور مصر میں کچھ اہم شخصیات سے بھی ملاقات کر سکتے ہیں۔
وزیراعظم کے اگلے دن کا آغاز الحاکم مسجد کے دورے سے ہوگا۔ یہ گیارہویں صدی کی شاندار مسجد ہے جس کی تزئین و آرائش بوہرہ برادری نے کی تھی۔ بوہرہ برادری سے وزیر اعظم مودی کے تعلقات ہمیشہ سے بہتر رہے ہیں۔ مودی کے دورے سے قبل امریکہ میں مقیم بورہ برادری کی طرف سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں بوہرہ مرد، خواتین، بچے یہاں تک کہ علما بھی ان کا خیرمقدم کر رہے ہیں۔ غورطلب ہے کہ وزیر اعظم مودی کا یہ چھٹواں ایسا بیرون ملک کا دورہ ہے جس میں کسی مسجد بھی جائیں گے۔
الحاکم مسجد مصر کے دارالحکومت قدیمی قاہرہ میں باب الفتوح کے قریب واقع ہے۔ اس کی بنیاد فاطمی خلیفہ العزیز باللہ نزار نے سنہ 990 میں رکھی تھی اور اس کی تکمیل ان کے بیٹے الحاکم با کے دور میں 1013 میں ہوئی۔ اسے مصر کی قدیم ترین اسلامی یادگاروں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ الحاکم بامراللہ مصر پر حکومت کرنے والے مشہور خلفا میں سے ایک تھے۔یہ مسجد 1302 میں مصر میں آنے والے شدید زلزلے کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوئی تھی۔ کئی محرابیں، اندرونی ستون، چھتیں اور میناروں کے اوپری حصے گر چکے تھے۔ پھر بعد میں ملتان کلاون نے اس کی تزئین و آرائش کی۔ تاہم اس کے بعد سے مسجد کو جیل، اصطبل، قلعہ اور گودام کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ ’الحاکم‘ کو مصر کی چوتھی سب سے اہم مذہبی مسجد سمجھا جاتا ہے۔
کوترا نے کہا کہ اس کے بعد وزیر اعظم مصر کے صدر کے ساتھ باضابطہ مصروف ہوں گے، جس میں مصر کے صدر کے ساتھ دو طرفہ بات چیت اور اس دن مختلف مفاہمت ناموں اور معاہدوں پر دستخط شامل ہیں۔ کواترا نے یہ بھی نوٹ کیا کہ ہم توقع کرتے ہیں اور پراعتماد ہیں کہ وزیر اعظم مودی کا دورہ مصر نہ صرف ہمارے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو جاری رکھنے کو یقینی بنائے گا بلکہ اس سے ہمارے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی روابط کے نئے شعبوں کو وسعت دینے میں بھی مدد ملے گی۔
تصویر سوشل میڈیا