نئی دہلی: (اے یوایس) وزیر اعظم نریندر مودی نے آئین کے معمار ڈاکٹر بھیم را¶ امبیڈکر اور جیوتی راو¿ پھلے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ خاص طور پر اپنی بیٹیوں کی تعلیم پر توجہ دیں۔مسٹر مودی نے آل انڈیا ریڈیو پر اپنے ماہانہ پروگرام ’من کی بات‘ کے 87 ویں ایپی سوڈ میں کہا کہ اپریل کے مہینے میں ہم دو عظیم شخصیات؛جیوتیباپھولے اور بابا صاحب امبیڈکر کی جینتی بھی منائیں گے۔ ان دونوں نے ہندوستانی سماج پر گہرا اثر چھوڑا ہے۔ پھولے کی یوم پیدائش 11 اپریل کو ہے اور ہم 14 اپریل کو بابا صاحب کا یوم پیدائش منائیں گے۔ ان دونوں عظیم انسانوں نے امتیازی سلوک اور عدم مساوات کے خلاف زبردست جنگ لڑی۔ پھولے نے اس دور میں بیٹیوں کے لیے اسکول کھولے، نوزائیدہ بچیوں کے قتل کے خلاف آواز اٹھائی۔
انہوں نے پانی کی قلت سے نجات کے لیے بڑے مہم چلائے۔وزیر اعظم نے کہا کہ مہاتما پھولے کی اس بحث میں ساوتری بائی پھولے کا ذکر بھی اتنا ہی اہم ہے۔جیوتی راؤ پھلے نے کئی سماجی اداروں کی تعمیر میں بڑا کردار ادا کیا۔ ایک استاد اور سماجی مصلح کے طور پر انہوں نے معاشرے کو بھی آگاہ کیا اور اس کی حوصلہ افزائی کی۔ دونوں نے ساتھ مل کر ’ستیہ شودھک سماج‘ کی بنیاد رکھی۔ عوام کو بااختیار بنانے کی کوششیں کیں۔ بابا صاحب امبیڈکر کے کاموں میں ہم پھولے کا اثر واضح طور پر دیکھ سکتے ہیں۔ وہ یہ بھی کہا کرتے تھے کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی کا اندازہ اس معاشرے میں خواتین کی حیثیت کو دیکھ کر لگایا جا سکتا ہے۔مسٹر مودی نے کہا، ’مہاتما پھولے، ساوتری بائی پھولے، بابا صاحب امبیڈکر کی زندگیوں سے تحریک لیتے ہوئے، میں تمام والدین اور سرپرستوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنی بیٹیوں کو ضرور پڑھائیں۔
بیٹیوں کے اسکول میں داخلے کو بڑھانے کے لیے کچھ دن پہلے کنیا شکشا ’پرویش اتسو‘ بھی شروع کیا گیا ہے، جس میں ان بیٹیوں کو اسکول واپس لانے پر توجہ دی جارہی ہے جن کی کسی وجہ سے پڑھائی چھوٹ گئی ہے۔وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ یہ ہم سب کے لیے خوش قسمتی کی بات ہے کہ ہمیں بابا صاحب سے جڑے ’پنچ تیرتھ‘ کے لیے بھی کام کرنے کا موقع ملا ہے۔ مہو میں ان کی پیدائش کا مقام ہو، ممبئی میں چیتیہ بھومی ہو، لندن میں ان کا گھر ہو، ناگپور کی دیکشا بھومی ہویادہلی میں بابا صاحب کا مہا پری نروان استھل، مجھے تمام مقامات، سبھی تیرتھوں پر جانے کا شرف حاصل ہوا ہے۔ ’من کی بات‘ کے سننے والوں سے گذارش ہے کہ وہ مہاتما پھولے، ساوتری بائی پھولے اور بابا صاحب امبیڈکر وابستہ مقامات کا دورہ کریں۔ وہاں انھیں بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔