نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے 17ستمبر بروز جمعرات اپنا 70واں یوم پیدائش منایا ۔ اس دوران ملک و بیرون ملک کے تمام اعلیٰ رہنماو¿ں نے انہیں تہنیتی پیغامات بھیجے ۔
سوشل میڈیا پر صبح سے ہی وزیر اعظم کو سالگرہ کی مبارکباد دینے والوں کا تانتا لگا رہا۔ بعد میں مودی نے ٹوئیٹ کر کے سب سے اظہار تشکر کیااور یہ بھی بتایا کہ انہیں اپنی سالگرہ پر کیا تحائف چاہئیں۔
سوشل میڈیا پر لوگ انہیں مبارکباد دینے کے ساتھ ان سے معلوم کر رہے تھے کہ اس موقع پر انہیں کیا تحفہ چاہئے۔جس کے جواب میں انہوں نے سالگرہ کے تحفے کے طور پر سب سے ماسک پہننے ، دو گز کی دوری رکھنے اور کورونا وائرس وبا کے پیش نظر جاری ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کی۔
انہوں نے دن بھر کے ٹوئیٹ پڑھنے کے بعد رات 12بج کر38منٹ پر ٹوئیٹ کیا کہ چونکہ متعدد لوگوں نے ان سے پوچھا ہے کہ میں اپنے یوم پیدائش پر کیا چاہتا ہوں تو میں یہاں وہ چیزیں برتا رہا ہوں جو میں ابھی چاہتا ہوں۔ اس کے بعد وزیر اعظم نے اپننے مطلوبہ تحائف کی فہرست جاری کر دی۔
جو اس طرح تھی:ماسک پہنے رہئے اور اسے ٹھیک طریقہ سے پہنیے۔ سوشل ڈسٹنسنگ کا خیال رکھیے، دو گز کی دوری کا ہمیشہ دھیان رکھیے، بھیڑ بھاڑ والے مقامات پر جانے سے گریز کریں اور اپنی قوت مدافعت بڑھائیں۔اس کے بعد آخر میں مودی نے کہا آیئے ہم اپنی دنیا کو صحتمند بنائیں۔