نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے کشمیر کے بی جے پی لیڈر وسیم باری اور ان کے والد و بھائی کی دہشت گردانہ حملہ میں موت پر گہرے دکھ و صدمہ کا اظہار کیا اور اس وحشیانہ کارروائی کی شدید مذمت کی۔
وزیر اعظم دفتر میں مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بتایا کہ وزیر اعظم مودی نے انہیں فون کر کے باندی پورہ میں بی جے پی لیڈر ان کے بھائی اور والد کے قتل کی بابت تفصیل معلوم کی۔ وزیر اعظم نے اس واردات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔
بی ے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے ٹوئیٹر کے توسط سے کہا کہ ہم نے بانڈی پورہ میں دہشت گردوں کے بزدلانہ حملہ میں شیخ وسیم باری، ان کے بھائی اور والد کو کھو دیا ہے۔میری دلی ہمدردی ان کے لواحقین کے ساتھ ہے اور غم کی اس گھڑی میں میں اور پارٹی ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ یقین دلاتے ہیں کہ وسیم باری، ان کے بھائی اور والد کی قربانی رائیگاں نہیں جائےگی۔بی جے پی قومی جنرل سکریٹری رام مادھو نے کہا کہ وہ اس واردات سے سکتے میں ہیں۔
دریں اثنا جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے لیڈر عمر عبداللہ نے دہشت گردانہ حملہ کی شدت سے مذمت کی اور کہا کہ یہ نہایت دکھ و صدمہ کی بات ہے کہ کشمیر میں قومی دھارے کی سیاست سے وابستہ لوگوں پر دہشت گردانہ حملے بدستور جاری ہیں ۔
ریاست کانگریس کے سربراہ جی اے میر نے کہا کہ اس حملہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔اس حملے نے کشمیر میں حالات معمول پر آجانے کے حکومت کے دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے ۔یہ کارروائی کرنے والے دہشت گرد کشمیر اور اسلام کے دشمن ہیں۔