اسلام آباد:(اے یو ایس ) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اگر وزیراعظم میاں شہباز شریف کو سپورٹ کیا جائے اور یہ سپورٹ ہر طرف سے ہو تو قوم کو یقین ہے کہ وہ ملک کو برے حالات سے نکال سکتے ہیں لیکن اگر ہمارے ہاتھ پاﺅں باندھے گئے اور ہمیں کام کرنے سے روکا گیا تو ہم اتحادیوں کو اعتماد میں لے کر عوام سے رجوع کریں گے۔
لاہور میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مریم نواز سے متعلق عمران خان کے بیان پر میرا نقطہ نظر مختلف ہے، میں یہ کہوں گا کہ ہمارا تعلق مشرقی معاشرے سے ہے ہماری اپنی روایات ہے، خواتین کی عزت کو پامال کرنے والے ہمارے معاشرےمیں نہیں ملتے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جس گھٹیا سوچ کا اظہار کیا ہے، اس حوالے سے ان کا تجربہ مجھے خراب لگتا ہے۔قبل از وقت انتخابات اور انتخابات سے متعلق مریم نواز کے بیان پر سوال کے جواب میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ اب تک حکومت اور تمام تر اتحادی جماعتوں کا یہ فیصلہ ہے کہ حکومت اپنی مدت مکمل کرے گی۔
