اسلام آباد:(اے یو ایس ) وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین سے اگست اور ستمبر کے بجلی نہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 300 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کو 35 ارب روپے کا ریلیف دیا جائے گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اورسیلاب سے متاثرہ علاقے صحبت پور کا فضائی جائزہ بھی لیا، اس موقع پر انہیں سیلاب کی تباہ کاریوں، متاثرین کی امداد اور تباہ شدہ انفراسٹرکچرکی بحالی کےلیے جاری کاوشوں سے آگاہ کیا گیا۔انہوں نے صحبت پور میں پینے کے پانی کا مسئلہ فوری طور پر حل اور سیلاب زدہ علاقوں سے پانی کی نکاسی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ صحبت پورہ کے علاقے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے ہر آنکھ اشکبار ہے، پوری قوم متحد ہو کر سیلاب تباہ کاریوں کا مقابلہ کر رہی ہے، سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔حکام کی جانب سے وزیراعظم کو متاثرین کی مدد اور تباہ شدہ انفرا اسٹرکچر کی بحالی کے لیے جاری کاوشوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔چیف سیکریٹری بلوچستان نے انہیں بتایا کہ بلوچستان میں 128 سڑکیں متاثر ہوئی تھیں، جن میں سے 91 بحال ہو چکی ہیں، صوبے میں مویشیوں کے لیے 11 ارب روپے کا منصوبہ ہے۔
وزیراعظم شہاز شریف کاکہنا تھا کہ سیلاب سے صوبہ سندھ کے بعد بلوچستان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، تمام فصلیں تباہ ہو چکی ہیں، وفاقی حکومت صوبائی حکومتیں اور ادارے سیلاب متاثرین کی بحالی میں مصروف ہیں۔انہوں نے امدادی رقم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فی گھرانہ 25 ہزار روپے سیلاب سے متاثرہ لوگوں میں تقسیم کیے جارہے ہیں۔سیلاب متاثرین میں اب تک تقریباً 24 ارب روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے اعلان کیا کہ سیلاب متاثرین کے لیے اگست اور ستمبر کے بجلی کے بل نہیں لیے جائیں گے جبکہ 300 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کو 35 ارب روپے کا ریلیف دیا جائے گا، ستمبر کے مہینے میں2 کروڑ 10 لاکھ صارفین کو 14 ارب کا فوری ریلیف دیا جارہا ہے۔جن سیلاب متاثرین نے اگست کے بل ادا نہیں کیے ان کے لیے لیٹ چارج بھی ختم کردیے گئے ہیں۔انہوں نے حکام سے کہا کہ آپ کے پاس وافر فنڈز ہیں، مزید چاہئیں تو بتا دیں، امدادی کام نہیں رکنا چاہیے، 2 لاکھ 50 ہزار مچھر دانیاں سیلاب متاثرین کو دی گئی ہیں، ترکی سے آنے والے خیمے بلوچستان کے سیلاب زدگان کو دیے جائیں گے۔