اسلام آباد: پاکستان کے نئے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کی کابینہ کے وزیروں نے حلف لے لیا۔ سینٹ چیرمین صادق سنجرانی نے وفاقی وزیروں اور وزیر مملکت کو حلف دلایا ۔ اس کے ساتھ ہی نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف کی کابینہ تشکیل پا گئی۔ بس اب وزرا میں قلمدانوں کی تقسیم کیا جانا باقی ہے۔ حلف برداری کی تقریب کا آغاز ایوان صدر میں قرآن پاک کی تلاوت سے ہوا۔ جس کے بعد سنجرانی نے 31 قانون سازوں کو وفاقی وزرائ، 6 اراکین قومی اسمبلی کو وزرا مملکت اور 3کو وزیر اعظم کے مشیروں کے طور پر حلف دلایا۔
قصر صدارت سے جاری بیان کے مطابق پی ایم ایل این کے خواجہ محمد آصف، احسن اقبال، رانان ثنااللہ، سردار ایاز صادق، رانا تنویر حسین، خرم دستگیر خان، مریم اورنگ زیب، خواجہ سعد رفیق، مفتاح اسماعیل، جاوید لطیف، ریاض حسین پیرزادہ، مرتضیٰ جاوید اور اعظم نذیر ترار کو،پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سید خورشید شاہ، سید نوید قمر، شیری رحمٰن، عبد القادر پٹیل، شاذیہ مری، سید مرتضیٰ محمود، ساجد حسین توری، احسان الرحمٰن مزاری اور عابد حسین کو، ایم ایم اے کے اسد مسعود، عبد الواسع اور عبد الشکور کو، جمیعت علمائے اسلام فضل کے محمد طلحہٰ محمودکو، ایم کیو ایم پی کے امین الحق اور فیصل سبز واری کو، بی اے پی کے محمد اسرار ترین کو، جے ڈبلیو پی کے شاذیان بگٹی کو اور پی ایم ایل کیو کے طارق بشیر چیما کو وفاقی وزیر کا حلف دلایا گیا جبکہ پی ایم ایل این کی عائشہ غوث پاشا اور عبد الرحمٰن خان کو اور پی پی پی کی حنا ربانی کھر کو وزیر مملکت کا حلف دلایا گیا۔
پی پی پی قمر زماں کیڑا، پی ایم ایل این امیرمقام کو اور پی ٹی آئی کے آن چودھری کو وزیر اعظم کا قومی مشیر مقر کیا گیا۔ واضح ہو کہ تقریب حلف برداری دو شنبہ کو ہونا طے تھی لیکن صدر عارف علوی نے چونکہ وزیروں کو حلف دلانے سے انکار کر دیا تھا اس لیے حکومت کو تقریب منگل تک کے لیے ملتوی کرنا پڑی۔
