PML-Q calls for ‘ceasefire’ in national interestتصویر سوشل میڈیا

اسلام آباد ،( اے یو ایس )تحریکِ انصاف کی حکومت کی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے حکومت اور اپوزیشن دونوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک کے اعلیٰ ترین مفاد میں اسلام آباد میں مارچ کے آخر میں طے شدہ جلسے منسوخ کر دیں۔پاکستان میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف پیش کی جانے والی تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ کی حتمی تاریخ تو تاحال سامنے نہیں آئی ہے تاہم حکومت اور اپوزیشن دونوں کیمپوں میں اس حوالے سے تیاریاں اور تند و تیز بیان بازی کا سلسلہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے 27 مارچ کو اسلام آباد میں پارلیمان کے سامنے ڈی چوک پر جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں تحریک انصاف نے 10 لاکھ افراد جمع کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 23 مارچ کو لانگ مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’یہ مارچ کتنے دن تک اسلام آباد میں رہے گا، اس کا فیصلہ بعد میں ہو گا۔‘ان اعلانات کے بعد اس بات پر بحث شروع ہو گئی ہے کہ آیا یہ سرگرمیاں کہیں حکومت اور اپوزیشن کے حامیوں کے درمیان اسلام آباد کی سڑکوں پر تصادم پر منتج نہ ہوں۔

چوہدری شجاعت کی جماعت مسلم لیگ ق کو پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال میں انتہائی اہم حیثیت حاصل ہو چکی ہے اور حکومت اور اپوزیشن دونوں جانب سے ان کی حمایت کے دعوے سامنے آ چکے ہیں۔منگل کو ایک بیان میں چوہدری شجاعت نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ نامساعد معاشی اور سیاسی حالات اس خطرناک محاذ آرائی کے متحمل نہیں ہو سکتے اور فریقین اپنے اپنے کارکنان کو اشتعال انگیز سیاست کا راستہ مت دکھائیں۔ان کا کہنا تھا کہ ’غربت اور مہنگائی کی چکی میں پسنے والے عوام حکومت اور اپوزیشن کے جلسوں اور نمبروں کی سیاست سے سخت پریشان ہیں‘۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *