کراچی: سندھ کے وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کے کیماڑی علاقہ سے ،جہاں پر اسرار زہریلی گیس سے ایک ہفتہ کے دوران درجن بھر سے زائد افراد ہلاک ہو گئے،فوری انخلاءکی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

شاہ نے مزید کہا کہ کاچی کے کمشنر کی قیادت میں ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو اس معاملہ کی ہمہ پہلو تحقیقات کرے گی۔اور جب تک کمیٹی اپنی رپورٹ نہ پیش کر دے کچھ بھی کہنا ممکن نہیں ہے۔

تاہم انہوں نے کہا کہ کیماڑی علاقہ کی موجودہ صورت حال ایسی نہیں ہے کہ اسے خالی کر دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ زہریلی گیس سے بیمار پڑ گئے ہیں ان کا مختلف اسپتالوں میں بڑی تندہی سے علاج کیا جارہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مشتبہ گیس اخراج سے ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر14ہو گئی ۔

بدھ کے روز مزید25 سے زائدافراد کو علاج کے لیے اسپتال لایا گیا۔کراچی کے مئیر وسیم اختر نے کہا کہ حکومت سطح پر انہیں اس سانحہ کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔صورت حال سے نہ تو حکومت سندھ نے مجھے مطلع کیا اور نہ ہی وفاقی حکومت نے اس ضمن میں مجھے کوئی اطلاع دی۔

مجھے تو بس اتنا ہی علم ہے جتنا میں ٹی وی پر سن اور دیکھ رہا ہوں۔صوبائی اور وفاقی حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے اختر نے کہا کہ دونوں کواس معاملہ پر عوام کو اعتماد میں لینا چاہئے کہ یہ ماجرا کیا ہے۔

لیکن ایسا محسوس ہوتاہے کہ اس سنگین صورت حال کی نہ حکومت سندھ کو کوئی فکر ہے اور نہ وفاقی حکومت کو ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *