کابل: ننگر ہار صوبہ کے گورنر کے ترجمان عطا ءاللہ خوگیانی کے مطابق منگل کی صبح ننگر ہار میں پانچ الگ حملوں میں پولیو ٹیکہ کاری ٹیم کے 5رضا کار ہلاک اور چار دیگر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں سے دو کی حالت مخدوش بتائی جاتی ہے جس سے ہلاک شدگان کی تعداد میں اضافہ کا خدشہ ہے۔
خوگیانی نے مزید کہا کہ یہ حملے ورخ روڈ اور خوگیانی اضلاع میں نامعلوم مسلح بندوق برداروں نے کیے تھے۔ خوگیانی نے کہا کہ پولیو ٹیکہ کاری ٹیم کے رضاکاروں کے لیے خصوصی حفاظتی بندوبست نہیں کیا گیا تھا۔ جبکہ سیکورٹی ایجنسیوں سے کہا گیا تھا کہ وہ ہیلتھ ورکروں سے تعاون کریں۔
ابھی تک کسی گروہ نے ان وارداتوں کی ذمہ داری نہیں لی ہے۔قبل ازیں 30مارچ کو بھی ننگر ہار صوبے کے شہر جلال آباد میں دو مختلف وارداتوں میں پولیو ٹیکہ کاری ٹیم کی تین خواتین رضا کاروں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔
