پانڈیچری: پانڈیچری کی لیفٹننٹ گورنر کرن بیدی کا کورونا وائرس ٹیسٹ نگیٹیو پایا گیا۔راج نواس کے ایک ملازم میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوجانے کے پیش نظرمحترمہ کرن بیدی کا بھی بدھ کے روز کورونا وائرس ٹیسٹ کیا گیا ۔
جمعرات کی صبح راج نواس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ محکمہ صحت سے موصول اطلاع کے مطابق لیفٹننٹ گورنر بدھ کے روز جو کوویڈ19-ٹیسٹ کیا گیا تھا وہ نگیٹیو پایا گیا۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ کورونا وائرس سے متعلق قواعد و ضوابط کے تحت لیفٹننٹ گورنر کے تمام دفتری عملہ کو باوجود نگیٹیو ٹیسٹ کے قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔
راج نواس کے ایک ملازم کا کورونا وائرس ٹیسٹ پوزیٹیو آنے کے بعد محترمہ بیدی اور ان کے پورے عملہ کی کوویڈ 19-جانچ کی گئی تھی۔دریں اثنا بیدی نے بذات خود خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم کوئی خطرہ نہیں مول لینا چاہتے اس لیے راج بھون میں تعینات پورے عملہ کا کورونا وائرس ٹیسٹ کرایا گیا۔
ملازم مذکورہ میں کوویڈ19-کی تصدیق کیے جانے کے فوراً بعد راج نواس 48گھنٹے کے لیے بند کر دیا گیا۔اور یہاں کے اندرا گاندھی گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال کے طبی ماہرین کی ایک ٹیم راج بھون پہنچی اور وہاں اس نے لیفٹننٹ گورنر اور عملے کے دیگر ارکان کے نمونے ٹیسٹ کے لیے لے گئے۔