لندن : بی بی سی سے جاری خبر کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ غریب ممالک کوویڈ 19-ویکیسن کی شدید قلت کا سامنا کر رہے ہیں جس سے وہاں کورونا وائرس پر قابو پانے میں دشواری پیش آرہی ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے سینیئر مشیر ڈاکٹر بروس آئلورڈ نے کہا کہ عالمی شیئرنگ ا سکیم کے ذریعے کوویڈ 19 کی ویکسین لینے والے غریب ممالک کی ایک بڑی تعداد کو اپنے اپنے ممالک میں ویکسین پروگرام جاری رکھنے کے لیے کافی مقدار میں ویکسین کی خوراکیں دستیاب نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوویکس پروگرام کے تحت 131 ممالک کو ویکسین کی 90 ملین خوراکیں فراہم کی گئی ہیں۔تاہم ان کا کہنا ہے کہ وائرس اب بھی دنیا بھر میں پھیل رہا ہے اور کے پیش نظر ویکسین فراہمی کی یہ مقدار انسانی آبادیوں کو وائرس سے بچانے کے لیے ناکافی ہے۔ویکسین کی عدم دستیابی ایک ایسے موقع پر سامنے آ رہی ہے جب بیشتر افریقی ممالک میں انفیکشن کی تیسری لہر چل ری ہے۔
دریں اثنا پیر کے روز جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا نے دولت مند ممالک کی جانب سے ویکسین کی ذخیرہ اندوزی کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ ان کے ملک میں حالیہ دنوں میں وائرس کے پھیلاو¿ میں بہت تیزی دیکھی گئی مگر دوسری جانب ویکسین بڑی مقدار میں دستیاب نہیں ہے۔
افریقہ سب سے زیادہ کمزور ہے ۔ اس کی 1.3بلین آبادی دنیا کی مجموعی آباد ی کا 18فیصد ہے لیکن دنیا بھر میں جتنے لوگوں کو ٹیکہ لگایا گیا اس کا صرف دو فیصد افریقہ میں لگایا گیا۔جبکہ براعظم افریقہ کے کئی ممالک تو ایسے ہیں جہاں ایک شخص کو بھی یہ ٹیکہ نہیں لگ سکا۔