لسبن (اے یوایس)پرتگال کی وزیر صحت مارٹا ٹیمڈو نے غفلت کے باعث ایک حاملہ خاتون کی موت ہونے پر عہدے سے استعفٰی دے دیا۔پرتگالی وزیر صحت نے ڈی سانتا ماریہ ہاسپٹل میں عملے کی کمی کو پورا کرنے کی خاطر پرتگال کے سب سے بڑے اسپتال میں ہنگامی سروس مہیا کرنے والے زچگی یونٹس بند کرکے مریضوں کو شہر کے دوسرے اسپتال منتقل ہونے کی ہدایات جاری کی تھیں۔
مریضوں کی ایک اسپتال سے دوسرے اسپتال منتقلی کے دوران ایک 34 سالہ حاملہ خاتون جو کہ ہندوستانی سیاح تھی، کو دل کا دورہ پڑا۔اسپتال منتقل ہونے کے بعد مذکورہ خاتون کو انتہائی نگہداشت یونٹمیں رکھ کر ہنگامی طبی امداد بہم پہنچائی گئی لیکن دوران علاج ہی خاتون کی موت واقع ہوگئی جبکہ اس حادثے کے دوران قبل از وقت پیدا ہونے والا نومولود بچہ محفوظ رہا۔
اس واقعے کی خبر میڈیا پر نشر ہونے کے پانچ گھنٹوں بعد وزیر صحت نے اپنا استعفٰی صدر مارسیلو ریبیلو ڈی سوسا کو بھجوا دیا جسے صدر نے قبول کرتے ہوئے نئے وزیر صحت کے تعیناتی تک فرائض انجام دینے کا حکم دیا۔واضح رہے کہ نئے وزیر صحت کی تعیناتی رواں ماہ 15 ستمبر تک کی جائے گی جبکہ مارٹا ٹیمڈو 2018 سے وزارت صحت کے عہدے پر فائز تھیں۔
