PPP endorses PDM's decision to submit resignationsتصویر سوشل میڈیا

اسلام آباد: (اے یو ایس) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے 31 دسمبر کو ارکان سے استعفے لینے اور وزیراعظم کو 31 جنوری تک استعفیٰ دینے کی مہلت کے فیصلوں کی توثیق کی ہے۔

پیپلز پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ نے پی ڈی ایم کے فیصلوں کی توثیق کر دی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم خود گھر چلے جائیں ورنہ ہم انھیں گھر بھیج دیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی پی پی کی رائے میں پی ڈی ایم کو حکومت کے خلاف ہر پلیٹ فارم پر لڑنا چاہیے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی یہ رائے ہے کہ ’حکومت کو عدالتوں، پارلیمان میں چیلنج کرنا چاہیے، عدم اعتماد کی صورت میں چیلنج کرنا چاہیے، سینیٹ کے انتخابات میں چیلنج کرنا چاہیے، ڈٹ کر مقابلہ کرنا چاہیے کیونکہ اگر مل کر مقابلہ کریں تو کامیاب ہو سکتے ہیں اور وہ اس رائے سے پی ڈی ایم کی قیادت کو آگاہ کریں گے۔‘

بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ ’یہ مصنوعی حکومت ہے، اس کو زبردستی کھڑا کیا گیا ہے اور اگر ایک روز بھی اسٹیبلشمنٹ اس حکومت کی مدد نہ کرے تو یہ گر جائے گی۔‘انھوں نے کہا کہ ’وزیراعظم استعفیٰ دیں، اب وقت چلا گیا ہے، اب کوئی ڈائیلاگ نہیں ہو گا اور وزیر اعظم کو جانا ہو گا۔‘پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زردای کی زیر صدارت پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلاول ہاؤس کراچی میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں صدر آصف علی زرداری، فریال تالپور، نثار کھوڑو، فرحت اللہ بابر، نیئر بخاری، وقار مہدی سمیت دیگر ممبران بھی شریک ہوئے۔بلاول بھٹو نے 2018 کے انتخابات سے متعلق الزمات کو دہراتے ہوئے کہا کہ جس طرح سنہ 2018 کا الیکشن اسٹیبلشمنٹ کے دباؤ میں ہوا اور دھاندلی کی گئی اس کو نہیں دہرایا جانا چاہیے۔

بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی مردم شماری کے نتائج کو بھی مسترد کرتی ہے۔انھوں نے کہا ’اس پر خاص طور سندھ اور فاٹا میں اعتراضات موجود ہیں، یہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے اگر درست انداز میں نہ ہو تو لوگوں کو حق نہیں ملتا کیونکہ مردم شماری کی بنیاد پر مالی کی تقسیم ہوتی ہے۔‘’ہم شفاف مردم شماری اس لیے بھی کہہ رہے ہیں کہ اسی مردم شماری کی بنیاد پر یہ انتخابات ہوئے اور یہ حکومت آئی۔‘

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں سندھ اور بلوچستان کے جزائر پر ’وفاق کے قبضے‘ کی مذمت کی گئی ہے کیونکہ یہ جزائر سندھ اور بلوچستان کے ماہی گیروں کی ملکیت ہیں۔انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ان جماعتوں سے رابطہ کرے گی جو اس فیصلے کے خلاف ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *