لندن: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) رہنما اور پنجاب کے سابق گورنرمخدوم احمد محمود نے لندن میں سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کر کے جنوبی پنجاب کی سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ یہ ملاقات جو دو گھنٹے تک جاری رہی ، مخدوم محمود کے اصرار پر کی گئی تھی۔ اس ملاقات میں سابق وزیر خزانہ اور نواز شریف کے معاون اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر و اہم ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف رہنما جہانگیر ترین بھی ان دنوں لندن میں ہیں ۔ شوگر انکوائری کمیشن کی رپورٹ کے بعد جس میں ترین کو گذشتہ سال چینی کے نرخوں میں مصنوعی اضافہ سے فائدہ اٹھانے والوں میں سے ایک بتایا گیا تھا، ترین اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان اختلافات پیدا ہو گئے تھے۔
پنجاب کے سابق گورنر نے اس ملاقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پی پی پی ان کے نواز شریف سے نزدیکی تعلقات سے واقف ہے۔انہوں نے کہا کہ میں اس بات کی تصدیق کرتا ہوںکہ میں نے نواز شریف سے ملاقات کی ہے ۔ میں نے اس وقت بھی نواز شریف سے ملاقات کی تھی جب وہ جیل میں تھے اور میں ان سے پھر ملاقات کروں گا۔ میں ان کا احسان مند ہوں اور میں اسے فراموش نہیں کر سکتا۔مخدوم محمود نے کہاکہ سابق وزیر اعظم سے ان کے تعلقات ذاتی نوعیت کے ہیں اور میں شریف خاندان کے ہر اچھے برے وقت میں ساتھ رہا ہوں۔