کراچی:(اے یو ایس) پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی ) نے اعلان کیا ہے کہ وہ سنیٹ انتخابات میں حصہ لے گی اور اس کے علاوہ قومی اسمبلی وصوبائی اسمبلی کے ضمنی انتخابات بھی لڑے جائیںگے۔
یہ فیصلہ اس وقت لیاگیا جب پیپلز پارٹی سمیت 10اپوزیشن جماعتوں نے 31دسمبر تک قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاکہ عمران خان کی حکومت کو استعفیٰ دینے پر مجبور کیاجائے۔
سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم حکمراں جماعت کےلئے سیاسی میدان خالی نہیں چھوڑنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کی بقا کے لئے کام کیا اور آج بھی وہ ملک میں جمہوری نظام کو مضبوط کرنے کےلئے کام کررہی ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے اراکین نے مسٹر بلاول بھٹو کو اپنا استعفیٰ پیش کیا ہے۔ اسی طرح پنجاب اسمبلی کے مسلم لیگ کے159ممبران نے مریم نواز کو استعفیٰ سونپے ہیں۔ لیکن ان پر حتمی فیصلہ جلد ہی لیاجائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان کی حکومت لوگوں کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوئی۔ اس دوران اپوزیشن پارٹی کے تمام رہنما جن میں مریم نواز بھی شامل ہیں۔
گڑھی خدا بخش پہنچ گئے ہیں تاکہ وہ بے نظیر بھٹو کی13ویں برسی پر اپنا خراج عقیدت پیش کرسکے۔ مریم نواز کل رات لاڑکانہ پہنچیں جہاں پیپلز پارٹی کے رہنما شیری رحمانی نے ان کا استقبال کیا۔
