قیف:(اے یو ایس ) یوکرین نے کریمیا کے،جس کا روس نے برسوں سے الحاق کر رکھا ہے، رہائشیوں کو مشورہ دیا ہے کہ بم پناہ گاہیں تیار کریں اور خوراک کا ذخیرہ کرلیں، کیونکہ یوکرین روسی افواج کو مقبوضہ یوکرین کے علاقے سے باہر نکالنے کے لیے ایک بڑے جوابی حملے کے منصوبے کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔کئی ہفتوں سے یوکرین جنوب میں مقبوضہ علاقوں کے باشندوں سے جوابی حملہ کرنے سے پہلے تیاری اور انخلا کے لیے کہہ رہا ہے۔
تاہم پیر کا انتباہ قابل ذکر تھا کیونکہ اس کی ہدایت کریمیا کے باشندوں کو کی گئی تھی، جسے روس نے 2014 میں ضم کیا تھا نہ کہ ان علاقوں پر جو روس نے اس سال شروع کیے گئے فوجی آپریشن کے دوران قبضے میں لیے تھے۔
خیال کیا جاتا ہے کہ بحیرہ اسود کا جزیرہ نما یوکرینی ہتھیاروں کی حد سے باہر ہے، لیکن جزیرہ نما پر روسی فوجی مقامات پر حالیہ کئی دھماکوں نے اس پر شکوک پیدا کر دیے ہیں۔ قیف نے ان واقعات کی ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کر دیا۔یوکرین کے صدرکے ایک مشیر میخائیلو پوڈولیاک نے کہا کہ ہم کریمیا سمیت مقبوضہ علاقوں کے باشندوں سے کہتے ہیں کہ وہ قابض کو ختم کرنے کے اقدامات کے دوران (یوکرینی) حکام کی سفارشات پر عمل کریں۔