اسلام آباد: سر زمین چین سے پھوٹنے والے کورونا وائرس کی عالمگیریت کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کے طور پر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے ٹوئیٹر کے توسط سے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ ایسی بیماری کی علامات جس سے قریب کھڑا شخص بھی متاثر ہو سکتا ہے، اپنے اندر پائیں تو جمعہ کی نمازگھر پر ہی ادا کرے۔
اس ضمن میں انہوں نے حضور ﷺ کی اس حدیث کا حوالہ دیاجس میں انہوں نے بیمار افراد کو نصیحت کی ہے کہ وہ صحت مند لوگوں میں خلط ملط نہ ہوں ۔
صدر علوی نے کہا کہ اگر کسی کو بخار،کھانسی یا سردی کا اثر ہے ،اگر آپ سینیئر سیٹیزن ہیں، بچے ہیں اگر آپ کو دمہ ہے تو آپ گھر پر ہی نماز ادا کریں۔
اگر آپ مسجد جا رہے ہیں تو گھر سے ہی وضو کر کے نکلیں اور 20سکنڈ تک صابن سے ہاتھ دھوئیں۔
تاہم انہوں نے کہا کہ یہ ایڈوائزری وقتی ہے۔ڈاکٹر علوی نے یہ بھی کہا کہ لوگ سجدے کے لیے اپنی جاءنماز یا کوئی کپڑا ساتھ لے جائیں ۔اور بوقت سجدہ سانس روکے رکھیں۔مصافحہ کرنے ، گلے ملنے اور کسی کے بہت قریب ہونے سے گریز کریں۔
کھانستے یا چھینکتے وقت منھ و ناک کو ٹشو پیپرکا استعمال کریں یاآستین یا ہاتھ سے ڈھانپیں۔فرض نماز سے فارغ ہو کر مسجد سے فوراً نکل جائیں اور سنتیں گھر پر ادا کریں۔