دیواس: وزیر خارجہ پکستان شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دیواس میں عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان سے ایک ملاقات کے دوران امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ضرور پاکستان کا دورہ کریں گے۔
قریشی نے کہا کہ ٹرمپ اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان ایک گھنٹے کی ملاقات نتیجہ خیز رہی ۔وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اس ملاقات کے دوران وہ بھی موجود تھے جس میں ٹرمپ کے پورے وفد نے شرکت کی۔
شاہ قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم نے ٹرمپ کو ان اقدامات سے آگاہ کیا جوپاکستان نے فنانشیل ٹاسک فورس کی گرے لسٹ سے اپنا نام حذف کرانے کے لیے کیے ہیں اور امریکہ سے اس معاملہ میں مدد کرنے بھی کہا۔وزیر اعظم نے پاکستان کے لیے امریکہ کی سفری ایڈوائزری میں نرمی لانے کو بھی کہا۔
وزیر اعظم نے ہندوستانی کشمیر کا معاملہ بھی اٹھایا جس پر ٹرمپ نے اس بات سے اتفاق کیا کہ مسئلہ کا حل نکلنا چاہئے۔ملاقات کے دوران تجارت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور یہ فیصلہ ہوا کہ امریکہ کا ایک تجار تی وفد پاکستان کا دورہ کرے گا ۔
لیکن انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ تجارتی وفد کب دورے پر آئے گا۔قیشی نے کہاکہ وزیر اعظم نے امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی اور کسی ٹکراؤ کے پاکستان پر اثرات سے اپنے ملک کی تشویش سے آگاہ کیا۔