اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان بحرین کے قومی دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے 16دسمبر بروز دوشنبہ بحرین روانہ ہو رہے ہیں۔ انہیں اس تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا ہے۔

اتوار کو جاری ایک بیان کے مطابق وزیر اعظم کے ہمراہ ان کے کابینی رفقاءاور سینیئر حکومتی عہدیداروں پر مشتمل ایک وفد بھی جارہا ہے۔اگست2018میں وزیر اعظم بننے کے بعد عمران خان کا یہ پہلا دورہ بحرین ہے۔اپنے دورے کے دوران توقع ہے کہ عمران خان بحرین کے بادشاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ سے بالمشافہ کئی ملاقاتیں کریں گے اور ولیعہد شہزادہ عز ت ماٰب سلمان بن حماد الخلیفہ کے ساتھ وفد سطح کے مذاکرات کریں گے۔

ان ملاقاتوں کے دوران وزیر اعظم علاقائی اور بین الاقوامی امور کے علاوہ دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ عمران خان کو بحرین کے اعلیٰ ترین اعزاز سے بھی سرفراز کیا جائے گا۔

اس امر کی تصدیق آغاز ہفتہ پر غیر اقامتی پاکستانیوں کے ماور سے متعلق وزیر اعظم کے خصوصی معاون ذوالفقار بخاری کر چکے ہیں۔انہوں نے اپنے اس بیان میں جس میں انہوں نے وزیر اعظم کے بحرین کے سرکاری دورے اوروہاں انہیں اعلیٰ ترین شہری اعزاز سے سرفراز کیے جانے کی اطلاع دی تھی یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم کو یہ اعلیٰ ترین اعزاز بحرین کے دورے کے دوراسن ایک خصوصی تقریب میں دیا جائے گا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ رواں سال ماہ اگست میں وزیر اعظم ہند نریندر مودی کو بھی بحرین اپنے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے سرفراز کر چکا ہے۔عمران خان نے ہفتہ کے روز اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز آل سعود سے دو طرفہ اور علاقائی حالات پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر اعظم کے مشیر برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ٹوئیٹر کے توسط سے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب دونوں ممالک کی قیادت کے دوطرفہ تعلقات نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کا آئینہ دار ہے۔یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزیدمضبوط اوردیرینہ برادرانہ تعلقات کو تقویت دے گا۔سعودی عرب نے آزمائش کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *