لندن : چین کے صوبہ ہوبئی کے شہر ووہان سے نمودار ہو کر دنیا بھر میں ہر خاس و عام بشمول معروف شخصیات پر قہر ڈھانے والے موذی کورونا وائرس نے اب برطانیہ کے شاہی خاندان کے در پر نہ صرف دستک دے دی بلکہ اندر داخل ہو کر شہزادہ چارلس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

شہزادہ نے اپنے اندر کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوتے ہی خود کو قرنطینہ کر لیا۔ کلیرنس ہاو¿س نے بھی اعلان کر دیا ہے کہ71سالہ شہزادہ چارلس کا اسکاٹ لینڈ میں کوروناوائرس ٹسٹ کرایا گیاجو پوزیٹیو پایا گیا ہے۔تاہم وہ صحتمند اور ہشاش بشاش ہیں۔ان کے ہمراہ ان کی اہلیہ ڈچز آف کارنیوال کامیلا کا بھی ٹسٹ کیا گیا لیکن ان کی جانچ رپورٹ نگیٹیو آئی۔

لیکن پھر بھی شہزادہ چارلس کے ساتھ کامیلا نے بھی خود ساختہ طبی قید اختیارکر لی۔کلیرنس ہاو¿س کے ترجمان کے مطابق چارلس میں کوروناوائرس کی علامات ضرور پائی گئی ہیں لیکن مجموعی طور پر وہ ہر لحاظ سے صحتمند ہیں۔وہ گذشتہ کئی روز سے گھر سے ہی کام کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق شہزادہ چارلس نے مونیکو کے شہزادہ البرٹ سے ملاقات ہوئی تھی جو بعد ازاں کورونا پوزیٹیو پائے گئے تھے۔

اس سے قبل شاہی محل کے عملہ کے ایک شخص میں کوروناوائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ جب اس کا ٹسٹ پوزیٹیو پایا گیا تھا تو اس وقت ملکہ ایلزبتھ اپنی لندن والی رہائش گاہ میں تھیں۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ برطانیہ میں بھی کورونا وائرس نے بڑی تباہی مچا رکھی ہے اور وہاں اب تک 400سے زائد افراد ہلاک اور8ہزار سے زیادہ افراد اس کی زد میں ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *