ننکانہ صاحب: خالصتان نواز لیڈر گوپال چاؤلہ نے، جو جماعت الدعویٰ کے سرغنہ حافظ سعیدکا قریبی ساتھی اور اسلامی دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ کا شریک بانی ہے، کہا ہے کہ ننکانہ صاحب میں گورو نانک دیو جی مہاراج کی ملکیت والی زمین پرپاکستانی حکام کی ملی بھگت سے لوٹ کھسوٹ مچی ہوئی ہے اور دولتمند طبقہ پیسے کے بل پر اس اراضی پر قبضہ کر رہا ہے۔
اور یہ ساری کارروائی تقسیم ہند کے بعد ہندوؤں اور سکھوں کے چھوڑے ہوئے تعلیمی خیراتی اور مذہبی ٹرسٹوں کی دیکھ بھال کرنے والے متروکہ وقف املاک بورڈ(ETPB)کی ساز باز سے کی جارہی ہے۔چاؤلہ نے ایک ویڈیو پیغام کہا کہ سکھوں اور ہندوؤں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں اور پاکستان کے صوبہ پنجاب میں بابا گورو نانک دیو جی مہاراج کے نام سے درج زمین کے ناجائز استعمال اور اس پر قبضوں کے حوالے سے کی جانے والی شکایتوں پر حکام بہرے بنے ہوئے ہیں۔اور ان کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔
چاؤلہ نے ،جس کا لشکر طیبہ سے تعلق بتایا جاتا ہے، ویڈیو میں یہ بھی کہا کہ ایواکی ٹرسٹ پراپرٹی بورڈ (ای ٹی پی بی)گوردوارہ ننکانہ صاحب کی زمین پرتجاوزات کرنے والے دولتمند لوگوں کی معاونت کر رہا ہے اور ان کیے لیے ڈھال بنا ہوا ہے۔
چاؤلہ نے کہا کہ انہوں نے اس کرپشن کے ای ٹی پی بی کے چیرمین عامر احمد کو ٹھوس ثبوت بھی پیش کیے لیکن انہوں نے اس شکایت پر کان نہیں دھرا۔ چاؤلہ نے الزام لگایا کہ خود احمد کی زمین مافیاؤں سے ساز باز ہے اور وہ ان تجاوزات میں ان لینڈ مافیاؤں کے ساتھ ہیں۔ اس سے قبل ای ٹی پی بی کے حوالے سے یہ خبریں سامنے آتی رہی ہیں کہ وہ بابا گورو نانک دیو جی مہاراج کی ملکیت والی اراضی فروخت کر رہا ہے۔
چاؤلہ نے ویڈیو میں صاف صاف کہا” میں مودبانہ درخواست کرتاہوں کہ ننکانہ صاحب میں زمین کی زبردست لوٹ مچی ہے اور میں نے عامر صاحب کو ثبوت دیے ہیں کہ زبردست زیادتیاں کی جا رہی ہیں۔ دولتمند لوگ جو دو لاکھ تین لاکھ چار لاکھ اور پانچ لاکھ روپے دے سکتے ہیں وہ تو اپنے مکانات کی تعمیر کر سکتے ہیں لیکن جو غریب ہیں جنہیں دو مرلہ اور تین مرلہ پر تعمیر کرنا ہے ان کے لیے کوئی قانون موجود نہیں ہے۔
چاؤلہ نے الزام لگایا کہ مقامی پٹواری خود کو خدا سمجھتا ہے اور اس کے خلاف پیسہ لے کرننکانہ صاحب میں زمین پر قبضہ کرانے کا میرے پاس ثبوت ہے ۔