بروسلز: افغانستان پر طالبان کا قبضہ ہونے کے بعد سے جہاں ہزاروں افغان شہری ملک سے فرار ہو رہے ہیں وہیں بیرون ملک اقامت پذیر افغان شہری طالبان اور پاکستان کی سخت مخالفت کر ر ہے ہیں۔ دنیا بھر میں طالبان کی مخالفت کے درمیان بلجیم میں بھی افغان مہاجرین نے طالبان کے افغانستان پر قبضے اور پاکستان کی جانب سے دہشت گرد گروہ کی حمایت کرنے کے خلاف احتجاج کیا۔
مظاہرین نے طالبان کی حمایت کرنے اور اس کا ساتھ دینے پر پاکستان کے خلاف نعرے بھی لگائے۔ احتجاج میں افغان مہاجر تنظیم کے تقریباً60-70 ارکان نے شرکت کی۔ اس دوران کچھ مظاہرین کو فوج کی وردی پہنے دیکھا گیا۔قابل غور ہے کہ جب سے افغانستان میں طالبان اقتدار میں آئے ہیں ، مختلف ممالک میں رہنے والے افغان شہریوں کی جانب سے کئی احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔
اتوار کے روز تقریباً 800 مظاہرین نے یونانی پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج کیا اور افغانستان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرایا۔ واضح ہو کہ 15 اگست 2021 کو طالبان نے افغانستان کا کنٹرول سنبھال لیاتھا۔ اس کے بعد سے وہاں کے حالات مسلسل بگڑ رہے ہیں۔ تمام ممالک کی حکومتیں لوگوں کو وہاں سے نکالنے کے لیے مہم چلا رہی ہیں ۔
