اسلام آباد: ”نا اہل“پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کو موٹر وے پر ایک خاتون کے ساتھ اجتماعی آبرو ریزی کا ذمہ دار ٹہراتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) نے ملک کے حکمرانوں سے استعفے کا مطالبہ کیا۔پی ایم ایل این کے جنرل سکریٹری احسن اقبال نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ حکمرانوں کو اجتماعی آبرو ریزی کی شکار خاتون کے گھر جا نا اور دارالخلافہ شہر پولس افسر (سی سی پی او) کا اجتماعی عصمت دری کی شکار خاتون سے متعلق نازیبا ریمارکس پر تبادلہ کر دینا چاہئے۔
واضح ہو کہ سی سی پی او لاہور نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھاکہ خاتون رات ساڑھے 12 بجے ڈیفنس سے گوجرانوالہ جانے کے لیے نکلیں، میں حیران ہوں کہ تین بچوں کی ماں ہیں، اکیلی ڈرائیور ہیں، آپ ڈیفنس سے نکلی ہیں تو آپ جی ٹی روڈ اکا سیدھا راستہ لیں اور گھر چلی جائیں اور اگر آپ موٹروے کی طرف سے نکلی ہیں تو اپنا پیٹرول چیک کر لیں۔واضح ہو کہ گذشتہ ہفتہ لاہور کے مضافاتی علاقہ گجر پورہ میں موٹر وے پر ایک خاتون کے ساتھ اس کے کمسن بچوں کی نظروں کے سامنے اجتماعی جنسی زیادتی کی گئی تھی۔
حملہ آوروں نے کھڑی گاڑی کے اندر بیٹھی خاتون اور اس کے بچوں کو کار کے شیشے توڑ کر کھڑکی سے ہی جبراً باہر گھسیٹا ۔ کار میں سی این جی ختم ہوجانے کے باعث موٹر وے پر گاڑی بند ہو گئی تھی۔جہاں سے اس خاتون نے اپنے رشتہ داروں کو فون کر کے مطلع کردیا اور مدد کے انتظار میں کار کو مقفل کر کے بچوں کے ساتھ اندر بیٹھی تھی کہ کچھ رہزان وہاں پہنچے اور انہوں نے خاتون کو تنہا پاکر کار کی کھڑکیوں کے شیشے توڑ کر ان سب کو باہر کھینچا اور پستول و رائفل کی نال دکھا کر خاتون کو بچوں سمیت ایک کھیت میں لے گئے اور وہاں اس کا اجتماعی ریپ کیا۔
پریس کانفرنس میں پارٹی کی سکریٹری اطلاعات مریم اورنگ زیب بھی موجود تھیں۔ پریس کانفرنس میں احسن اقبال نے مزید کہا کہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار بھی وزیر اعظم عمران خان کی طرح اناڑی اور نو آموز ہیں ۔ان میں مجرم کو کفیر کردار تک پہنچانے اور عبرتناک سزا دینے کی صلاحیت ہی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکمرانوں کو سمجھ لینا چاہئے کہ وہ ملک چلانے کے قابل نہیں ہیں۔پی ایم ایل این کے دور میں آرمی پبلک اسکول خونریزی کی روشنی میں انسدا دہشت گردی کارروائی کا ذکر کرتے ہوئے احسن نے کہا کہ پی ایم ایل این حکومت نے انتظامی اور قانونی طریقوں سے دہشت گردوں سے ٹکر لی تھی جبکہ موجودہ حکومت اجتماعی جنسی زیادتی کیس میں ایک ملزم تک کو نہیں پکڑ سکی اور اسکے بجائے ملزم کو پولس کے چھاپے سے پہلے ہی فرار ہونے کا موقع دینے کے لیے حساس معلومات میڈیا میں افشا کردیں۔
احسن اقبال نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ پارٹی کے صوبائی لیڈر حمزہ شریف ، جو کورونا وائرس میں مبتلا ہیں، بہتر علاج کے لیے جیل سے کسی اسپتال منتقل کر دیا جائے۔