اسلام آباد: (اے یو ایس )سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اتحادی جماعتیں این آر او حاصل کرنے کے لیے ایک امریکی سازش کے ذریعے حکومت میں آئیں اور اس سے معاشی و سیاسی نظام پٹری سے اتارا گیا۔ٹوئٹر پر پیغام میں وہ کہتے ہیں کہ ’آج پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے جب بدمعاشوں کی امپورٹڈ حکومت نے قومی احتساب بیورو قانون میں ترمیم کر کے احتساب کا خاتمہ کیا۔ امریکی حمایت یافتہ حکومت کی تبدیلی کی سازش کے ذریعے پاکستان کے معاشی و سیاسی نظام کو پٹڑی سے اتارا گیا تاکہ لٹیروں کو مزید ایک قومی مفاہمتی آرڈیننس( این آر او) کی رعایت دی جا سکے۔
پی ایم ایل این (مسلم لیگ ن) کے دستگیر نے اس کی تصدیق کی۔ان کا کہنا ہے کہ قومی احتساب بیورو قانون میں ترمیم سے اب وائٹ کالر مجرموں کا احتساب نہیں ہوسکے گا۔ قومی احتساب بیورو قانون کے زیرِ تفتیش 1200 ارب روپے میں سے 1100 ارب روپے اب بیورو کے دائرہ اختیار سے باہر ہوں گے جس سے اس جرائم پیشہ مافیا کو اپنا این آر او ٹو دیا جائے گا۔
’تاریخ ان تمام لوگوں کو نہ بھولے گی اور نہ ہی معاف کرے گی جو پاکستان کے خلاف اس سازش کا حصہ تھے۔‘عمران خان کا اشارہ اس این آر او کی طرف تھا جسے سابق فوجی صدر جنرل پرویز مشرف نے 5 اکتوبر 2007 میں جاری کیا تھا۔ اس صدارتی آرڈیننس کے ذریعے صدر مملکت نے قانون میں ترمیم کرتے ہوئے ان تمام مقدمات کو ختم کرنے کا اعلان کیا جو یکم جنوری 1986 سے لے کر 12 اکتوبر 1999 کے درمیان ’سیاسی بنیادوں‘ پر درج کیے گئے تھے۔
