احمدآباد: (اے یوایس) وزیراعظم نریندرمودی نے پچھلے سال پلوامہ حملے کے بارے میں اپوزیشن پارٹیوں کے مبینہ موقف پر ان کی نکتہ چینی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب حملے میں 40 سے زیادہ نیم فوجی دستوں کے اہلکار مارے گئے تھے تو ان پارٹیوں کو کوئی دکھ نہیں ہوا۔
انہوں نے یہ بات آج گجرات کے نرمدا ضلعے میں کیوڑیاکے مقام پر ہندوستان کے مردِ آہن سردار پٹیل کے 145 ویں یوم پیدائش پر مجسمہ اتحاد پر منعقد ایکتا دِوس پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا یوم پیدائش ایکتا دِوس کے طور پر ملک بھر میں منایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب پورا ملک ہندوستانکے ان سپوتوں کی موت پر ماتم میں ڈوبا ہوا تھا توکچھ لوگ اِس ماتم میں شریک نہیں ہوئے۔وہ پلوامہ حملے میں اپنا مفاد ڈھونڈنے میں لگے ہوئے تھے لیکن آج پڑوسی ملک کی پارلیمنٹ میں اِس سچائی کو تسلیم کرلیا گیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستانکی اپوزیشن پارٹیوں کا اصلی چہرہ ملک کے سامنے آگیا ہے۔ اِس موقع پر جناب مودی نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر متحد ہوجائیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی امن اور خوشحالی کیلئے عالمی برادری کا اتحاد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں ہندوستان کے ہزاروں بے قصور افراد مارے جاچکے ہیں۔ مودی نے ملک کی خوشحالی اور امن و سکون کیلئے عوام سے متحد ہونے کی اپیل کی تاکہ ایک بھارت شریٹھ بھارت کی منزل کو حاصل کیا جاسکے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ تمام رکاوٹیں ہٹائے جانے کے بعد جموں کشمیر ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور امن سمجھوتے کے بعد ملک کا شمال مشرقی خطہ بھی ترقی کے راستے پر آگے بڑھ رہا ہے۔
مودی نے کہا کہ سرکار کسانوں ، مزدوروں اور غریبوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کررہی ہے اور انہیں خود کفیل بنانے کی غرض سے سخت محنت کی جارہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں سرنگیں ، پل اور سیکڑوں کلو میٹر طویل سڑکیں بنائی جارہی ہیں تاکہ اِن خطوں کو ترقی دی جاسکے۔ انہوں نے کورونا کی لڑائی میں پیش پیش رہنے والے جانبازوں کی بھی ستائش کی۔
وزیر اعظم نے مجسمہ اتحاد پر گلہائے عقیدت نذر کئے جو دنیا کا سب سے اونچا مجسمہ ہے۔ وزیر اعظم مودی نے راشٹریہ ایکتا دِوس کی پریڈ بھی دیکھی۔ گجرات پولیس، مرکزی مسلح پولیس، سرحدی حفاظتی فوج ، ہند۔تبت سرحدی پولیس ، مرکزی صنعتی سکیورٹی فورس اور قومی سکیورٹی کے جوانوں نے اِس پریڈ میں حصہ لیا۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر ایکتا کا عہد بھی دلایا۔ ہندوستانی فضائیہ نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔