ماسکو: (اے یو ایس ) کریملن نے جمعرات کواطلاع دی ہے کہ روسی صدر ولادی میرپوتین اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے فون پر گفتگو کرتے ہوئے تیل برآمد کرنے والے ممالک پر مشتمل اوپیک پلس فریم ورک کے اندر مزید تعاون کی اہمیت پرزوردیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے کہا کہ روس اور سعودی عرب توانائی کی عالمی منڈی میں ضروری توازن اور استحکام برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کررہے ہیں اوراس ضمن میں مسلسل اپنی ذمے داریاں پوری کررہے ہیں۔کریملن نے کہا کہ انھوں نے دوطرفہ تعلقات کا مثبت جائزہ لیا اور باہمی مفاد میں تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے پربھی تبادلہ خیال کیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے شام کی صورت حال پر بھی بات چیت کی اورصدر پوتین نے ایران اور ترکی کے صدور کے ساتھ تہران میں 19 جولائی کو ہونے والی اپنی ملاقات کے نتائج سے سعودی ولی عہد کو آگاہ کیا۔ولادی میرپوتین نے تہران میں ترک صدر رجب طیب اردوغان اور ایرانی صدرابراہیم رئیسی کے ساتھ سہ فریقی سربراہ اجلاس میں شرکت کی تھی اور انھوں نے شام میں جاری جنگ اوروہاں قیام امن پرتبادلہ خیال کیا تھا۔
![Putin and Saudi crown prince talk oil](https://urdutahzeeb.com/wp-content/uploads/2022/07/1.jpg)