ماسکو:(اے یو ایس) روسی صدارتی دفتر کریملن کے مطابق صدر ولادیمیر پوتین نے چین اور دیگر اتحادی ممالک کے ساتھ جاری فوجی مشقوں کا ، جو آج ختم ہو جائیں گی،معائنہ کیا ہے۔روس کے مشرقی حصے میں ہونے والی یہ مشقیں یکم ستمبر سے شروع ہوئی تھیں اور آج 7ستمبر تک چلیں۔کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوو کے مطابق روسی صدر نے سرگیوسکی ملٹری رینج میں ہونے والی کثیر الجہتی فوجی مشقوں کا دورہ کیا۔
اس موقع پر ان کے ساتھ وزیر دفاع سرگئی شوگو اورفوجی چیف آف اسٹاف ویلری گیراسموو بھی موجود تھے۔روسی ترجمان کے مطابق روسی صدر ‘ووسٹوک 2022’ کے عنوان سے ہونے والی فوجی مشقوں کے اختتامی مرحلے میں دوبارہ شرکت کر سکتے ہیں۔ روس کے مطابق مشقوں میں 50 ہزار سے زائد فوجی اور 5000 فوجی گاڑیاں حصہ لے رہی ہیں جن میں 140 جہاز اور 60 کشتیاں بھی شامل ہیں۔ان مشقوں میں روس اور چین کے علاوہ شام اور ہندستان کے فوجی بھی حصہ لے رہے ہیں۔اس سے قبل 2018 میں بھی روس ایسی فوجی مشقیں انعقاد کر چکا ہے۔