دوحہ: (اے یو ایس)قطر کی اسسٹنٹ وزیر خارجہ لولوہ الخاطر نے کہا ہے کہ طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کی کوئی جلدی نہیں، عالمی برادری طالبان سے بات چیت کرے۔ نائب وزیر خارجہ لولوہ الخاطر نے غیرملکی جریدے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان حکومت سے بات چیت جاری رکھنے سے اہم اہداف حاصل ہوسکتے ہیں، افغانستان میں امداد کی شدید ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں حکومت سے متعلق طالبان، امریکا و دیگر فریقین سے بات کی تھی، طالبان کی اعلان کردہ عبوری حکومت توقعات کے مطابق نہیں ہے۔انوں نے مزید کہا کہ طالبان کے ساتھ میل ملاپ کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم نے ان کی حکومت کو تسلیم کر لیا ہے۔تاہم دنیا طالبان کے ساتھ روبط بڑھا کر بڑے مقاصد کی تکمیل کر سکتی ہے۔
واضح ہو کہ طالبان حکومت کو وجود میں آئے ہوئے 50روز سے زائد کا عرصہ ہونے جا رہا ہے لیکن ابھی تک اسے کسی ملک نے تسلیم نہیں کیا ہے کیونکہ اس کے لیے عالمی برادری نے جو شرائط رکھی ہیں ان پر ابھی افغانستان میں عمل آوری نہیں کی گئی ہے۔
