نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے پر مرکزی حکومت پر کڑی تنقید کی ۔ ٹویٹر کے توسط سے مودی سرکار کو ہدف تنقید بناتے ہوئے راہل گاندھی نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے پر لکھا ہے کہ ایل پی جی سلنڈروں کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے۔مودی حکومت عوام کے لئے اختیارات ، کاروبار بند کردو ، چولہا پھونکو اور جملے کھاﺅ یہ پہلا موقع نہیں جب مہنگائی کے موضوع پر راہل گاندھی نے مودی حکومت کے خلاف کوئی محاذ کھولا ہے اس سے قبل بھی وہ اس کے خلاف آواز اٹھاتے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ پیر کے روز ایل پی جی گیس سلینڈر کی قیمت میں 25 روپے کا اضافہ کردیا گیا۔ایک ہفتہ کے اندر گیس سلینڈر کی قیمت میں یہ دوسری مرتبہ اضافہ ہے۔اس سے پہلے 25 فروری کو سلینڈر کی قیمت میں 25 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔اب 14.2 کلو گرام والے بغیر سبسڈی ایل پی جی گیس سلینڈر کیلئے مزید 25 روپے ادا کرنے ہوں گے۔یہ قیمت آج (منگل)سے لاگو ہوگی ۔۔جنوری میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے ایل پی جی گیس کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی تھی۔حالانکہ دسمبر میں 50 روپے کرکے دو مرتبہ اضافہ کیا گیا تھا۔
