چنئی: تمل ناڈو اور آندھرا پردیش میں طوفانی بارشوں اور اس کی تباہکاریوں کا سلسلہ جمعہ کے روز بھی جاری رہا جس میں کم از کم12افراد ہلاک،8زخمی اور30سے زائد لوگ لاپتہ ہو گئے۔ تمل ناڈو کے ویلور ضلع کے پرنمبیٹ میں جمعہ کو مسلسل بارش کی وجہ سے ایک مکان منہدم ہوگیا، جس سے مکان میں رہنے والے نو افراد ہلاک ہوگئے۔ مرنے والوں میں چار خواتین، چار بچے اور ایک مرد شامل ہیں۔جس وقت حادثہ ہوا تو گھر والے گہری نیند سو رہے تھے ۔
فائر بریگیڈ اور ریسکیو عملہ اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملبے تلے دبے زخمیوں کو نکالا۔ اس حادثے میں آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں اور پرنمبیٹ کے سرکاری اسپتال میں زیر علاج ہیں۔تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے ہلاک شدگان کے لوحقین کو پانچ لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات چنئی کے ڈی ڈی جی ایم ایس بالاچندرم نے تمل ناڈو کے کرشنا گری، دھرم پوری تری پتور اور سیلم میں بھری بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ آندھر پردیش کے کڈاپا ضلع میں سیلاب نے سے کم از کم تین افراد ہلاک اور 30سے زائد بہہ گئے۔ چیئے ایرو دریا میں طغیانی آجانے اور پانی کے خطرے کے نشان سے اوپر بہنے کے باعث کئی دیہات زیر آب آگئے۔
