نئی دہلی: بالی ووڈ کے مشہور پروڈیوسر رمیش تورانی نے دعویٰ کیا ہے کہ خودکشی کے ایک دن پہلے تک اداکار سوشانت سنگھ راجپوت بالکل نارمل تھے۔ٹائمس ناؤ کی ایک رپورٹ کے مطابق13جون کو سوشانت سنگھ راجپوت نے ٹیلنٹ مینیجر ادے سنگھ سے بات کی تھی۔
انہوں نے تقریبا 20 سے 25منٹ تک بات کی ، جس میں وہ ایک فلم کی اسکرپٹ پر گفتگو کررہے تھے۔ یہ ایک کانفرنس کال تھی ، جس میں پروڈیوسر رمیش تورانی اور ڈائریکٹر نکھل اڈوانی بھی تھے۔ ادے سنگھ کے مطابق اس دوران سوشانت کافی نارمل تھے اور نارمل طریقہ سے ہی بات کررہے تھے۔ وہیں دوسری طرف رمیش تورانی نے بھی ایک انٹرویو میں اس بات کی تصدیق کی ہے۔
رمیش تورانی نے کہا کہ ہاں ، سوشانت اور میری بات ہوئی تھی۔ ہم ایک اسکرپٹ پر گفتگو کررہے تھے۔ جب ہماری بات ہوئی تو سوشانت بالکل نارمل لگ رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران سوشانت نے ہم سے فلم کو لے کر اپنے سوالات بھی کئے اور شکوک و شبہات بھی دور کئے۔ ہم نے ان کے سوالات کے جواب بھی دئے۔سوشانت سنگھ راجپوت کی ذہنی حالت پر بات کرتے ہوئے رمیش تورانی نے کہا کہ میں اس سے فون پر بات کررہا تھا ، مجھے کیسے معلوم پڑے گا کہ اس کی ذہنی حالت کیسی ہے۔
حالانکہ وہ فون پر نارمل آواز میں بات کررہے تھے۔بتا دیں کہ اداکار کی موت کے بعد ان کے مینیجر نے ممبئی پولیس کو دئے بیان میں بتایا تھا کہ اداکار تقریبا چھ مہینوں سے ڈپریشن میں تھے۔ وہیں سدھارتھ پٹھانی کے مطابق ایکس مینیجر دشا سالین کی موت کے بعد سوشانت کافی پریشان تھے۔ واضح ہو کہ سوشانت نے 14جون کو اپنے ممبئی میں واقع اپارٹمنٹ میں پھانسی لگا کر خودکشی کرلی تھی ، جس کے بعد سے ممبئی پولیس اس پورے معاملہ کی جانچ میں مصروف ہے۔ تاہم اب سوشانت کے کیس کو سی بی آئی کے سپرد کردیا گیا ہے۔
سی بی آئی نے ریا چکرورتی سمیت چھ لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے اور اس کے بعد سے ہی اس کیس میں ہر روز نئے نئے انکشافات ہورہے ہیں۔ بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی مبینہ خودکشی کے معاملہ کی کلیدی ملزمہ ریا چکورتی جمعہ کے روز انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے سامنے پیش ہوچکی ہیں۔ ای ڈی نے منی لانڈرنگ معاملہ میں پوچھ گچھ کے لئے جمعہ کے روز ریا چکرورتی کو بلایا تھا۔ ریا چکرورتی سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ ریا چکرورتی کے ساتھ ان کے بھائی اور والد بھی ای ڈی کے دفتر میں موجود تھے۔