اسلام آباد: (اے یو ایس )وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو انتباہ دیا ہے کہ اگر اس کے کارکنوں نے ریڈ زون میں داخل ونے کی کوشش کی تو سخت کارروائی کی جائے گی کیونکہ پی ٹی آئی سربراہ عمران خان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دفتر کے باہر جو کہ ریڈ زون میں ہی واقع ہے آج جمعرات کے روز احتجاج کے لیے جمع ہونے کا اعلان کیا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے واضح الفاظ میں کہا کہ احتجاجی مظاہروں کے لیے ریڈ زون میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ’اگر کسی نے زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی تو انھیں روکا جائے گا۔‘اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ پررامن احتجاج جمہوری حق ہے، جو جگہیں مختص ہیں وہاں احتجاج کریں۔ وہاں آپ کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ مگر الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے مظاہرے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
کسی نے پرتشدد عمل کی کوشش کی تو کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے یہ تجویز پیش کی کہ تحریک انصاف ایف نائن پارک اور دیگر مقامات پر اپنا مظاہرہ رجسٹر کروا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف ٹی آنسو گیس کے استعمال پر کہتے ہیں کہ بہت ظلم ہوا۔ انھیں معلوم نہیں کہ سیاسی جدوجہد میں ہم لوگوں نے کس قسم کی مشکلات اور ظلم و زیاتیوں کا سامنا کیا ہے۔