نئی دہلی: بالی ووڈ اداکار سیف علی خان پہلی بار اپنی اہلیہ اور اداکارہ کرینہ کپور کے ریڈیو شو ’ وہاٹ ومن وانٹ‘ (what women want)کے سیزن 2میں پہلی بار شرکت کرتے ہوئے اپنے والدین منصور علی خان پٹودی اور شرمیلا ٹیگور(بیگم عائشہ سلطانہ خان) اور کرینہ کپور کے حوالے سے کھل کر بات کی۔

انہوں نے اس بات کا بھی انکشاف کیاہے کہ جب انہوں نے کرینہ کپور کو ڈیٹ کر نا شروع کیا تو بالی ووڈ اداکارہ رانی مکھرجی نے انہیں کیا نصیحت کی تھی۔

بات چیت کے دوران شو کی میزبان ادکارہ کرینہ کپور کے ہی حوالے سے سیف علی خان نےکہا کہ ’ وہ پہلا موقع تھا کہ میں کسی کاروباری اور کامیاب اداکارہ کو ڈیٹ کر رہاتھا تب اس وقت رانی مکھرجی نے مجھے کہا تھا کہ ’ ذہن میں یہ بات رکھو کہ تم کسی مرد کے ساتھ تعلقات میں ہو’ میں سمجھتا ہوں ان کا کیا مطلب تھا۔ انہوں نے کہا کہ مطلب تھا کہ کرینہ کپور کو اپنے برابر سمجھو کیونکہ یہاں آدمی ۔ عورت جیسی کوئی بات نہیں ہے ، مساوات ہے کوئی کسی سے کم نہیں ہے۔

پسندیدہ جوڑے ، جو اپنی شادی میں کافی خوش ہیں کے حوالے سے مزید گفتگو کرتے ہوئے سیف علی نے آگے کہا کہ ’ انہیں کرکٹر وراٹ کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما کی جوڑی پسند ہے اور انہیں لگتاہے کہ وہ دونوں اپنے رشتے میں خوش ہیں اور ان میں ہم خیالی و ہم آہنگی بھی ہے۔

سیف علی خان نے یہ بتایا کہ وراٹ اور انوشکا کو دیکھ کر انہیں اپنے والد منصور علی خان اور والدہ شرمیلا ٹیگور کے رشتے کی یاد آتی ہے کیونکہ وہ بھی ایک کرکٹر اور فلم اسٹار کی جوڑی تھی۔ اپنے والدین کے رشتے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سیف علی خان نے کہا ’ اپنے گھر میں انہوں نے ماں باپ میں سے کسی کے بھی پروفیشن کو اپنے اوپرحاوی ہوتے نہیں دیکھا، ان کے والدین ایک دوسرے کے کام اور طرز زندگی کی عزت و احترام کرتے تھے، جو کہ ایک رشتے میں بہت بڑی بات ہے۔

کرینہ نے سیف سے پوچھا کہ ’کیا شادی کے بعد عورت اور مرد کوالگ الگ ذمہ داریاں نبھانا ہوتی ہیں ؟تو سیف علی خان نے کہا ’ ایسا نہیں ہے ، کچھ چیزیں تم سنبھالتی ہواور کچھ میں، اس پر کرینہ نے کہا ہاں ، جب میں کام کرتی ہوں تو تم گھر پر رہتے ہوں ،تیمور کا خیال رکھتے ہو اور جب تم کام کرتے ہو تب میں اس کو سنبھالتی ہوں ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *