ممبئی: ٹریپل سنچری بنا کر ممبئی کا نام روشن کرنے والے وجے مرچنٹ، اجیت واڈیکر، سنیل گواسکر، سنجے منجریکر، وسیم جعفر اور روہت شرما پر مشتمل ”ممبئی ٹریپل سنچورینز کلب “ میں اس وقت ایک اور نام کا اضافہ ہو گیا جب ممبئی کے ہی بلے باز سرفراز خان نے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں اترپردیش کے خلاف کھیلے جارہے ر نجی ٹرافی میچ میں 301رنز کی غیر مفتوح اننگز کھیلی ۔
سرفراز جس وقت کریز پر آئے تو ممبئی اترپردیش کے 625رنز کے جواب میں محض128رنز پر چوٹی کے چار بلے بازوں سے محروم ہو چکا تھا اور اس کے سر پر فالو آن کا خطرہ منڈلانے لگا تھا۔لیکن سرفراز نے پہلے تو سدھیش لاڈ کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے ڈبل سنچری پارٹنر شپ کی ور اسکور338تک پہنچایا ۔اس اسکور پر لاڈ174گیندوں پر 10چوکے اور ایک چھکا لگا کر 98رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ وہ صرف دو رنز کے فرق سے سنچری سے محروم رہ گئے۔
اس کے بعد سرفراز کو کپتان ادتیہ تارے کا ساتھ مل گیا اور ان کے ساتھ مل کر سرفراز نے چھٹے وکٹ کے لیے 179رنز کی پارٹنر شپ کی۔517مجموعے پر تارے بھی آؤٹ ہو گئے وہ بھی3 رنز کے فرق سے سنچری سے محروم رہ گئے اور 144گیندوں پر 14چوکوںکی مدد سے97رنز بنا کر سرفراز کا ساتھ چھوڑ گئے۔
لیکن سرفراز کو شمس ذاکر ملانی کی شکل میں ایک اور قابل اعتماد ساتھی مل گیا اور ان دونوں نے مل کر پہلے تو اترپردیش کے اسکور625کو پار کیا اور سرفراز نے اس طرح خوشی منائی گویا میچ جیت لیا ہو۔اور کیوں نہ ہو 625اسکور پار کرلینا کوئی مذاق بات بھی تو نہیں ہے۔شمس نے سرفراز کو 150سے زائد رنز کی ایک اور پارٹنر شپ کرنے میں عمدہ ساتھ دیا۔ 667 اسی دوران سرفراز نے 250رنز بھی پورے کیے۔مجموعی اسکور پر شمس محمد سیف کی گیند پر وکٹ کیپر یادو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
شمس نے 82گیندوں کی اننگز میں5چوکوں اور ایک چھکے کے ساتھ65رنز بنائے۔ جس وقت شمس آؤٹ ہوئے تو سرفراز ٹریپل سنچری کے قریب تھے اور جیسے ہی انہوں نے وریندر سہواگ اسٹائل میں چھکے کے ساتھ اپنی ٹریپل سنچری مکمل کی کپتان تارے نے اننگز ڈکلیر کر دی اور اس کے ساتھ ہی میچ ختم کرنے کا بھی اعلان کر دیا گیا ۔سرفراز نے 301ناٹ آؤٹ اننگز میں391گیندوں کا سامنا کیا اور30چوکے اور8چھکے لگائے۔انہیں ڈرا ہونے والے اس میچ میں جس میں ممبئی نے اترپردیش کے625رنز کے جواب میں 7وکٹ پر688رنز بنائے، مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔سرفراز کی اس اننگز سے ممبئی کو کافی حوصلہ ملا کہ اب وہ ناک آؤٹ مرحلہ میں جاسکتی ہے۔