'Recession Might Hit India After June': Union Minister Narayan Raneتصویر سوشل میڈیا

نئی دہلی، (اے یوایس ) مرکزی وزیر نارائن رانے نے یہ سنسنی خیز انکشاف کیا ہے کہ ملک میں جون سے مندی آئے گی۔ ان کے اس انکشاف میں سیاسی حلقوں کے ساتھ ساتھ سماجی و معاشی حلقوں میں بھی تشویش کی لہر دوڑادی ہے۔ چھوٹی صنعتوں کے مرکزی وزیر نارائن رانے نے پونے میں ہونے والے ایک پروگرام کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یہ انکشافات کئے کہ ملک مندی کی زد پر ہے۔ جون سے ملک میں کساد بازاری کا آغاز ہو گالیکن ہمیں یقین ہے کہ ہم ان حالات کو سنبھال لیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب تک مرکزی کابینہ کی مختلف میٹنگوں میں جو کچھ بھی گفت و شنید ہوئی ہے اس کا لب لباب یہی ہے کہ جون سے مندی کی شروعات ہو گی لیکن یہ کب تک رہے گی اس بارے میں فی الحال کہا نہیں جاسکتا مگر اتنا ضرور یقین دلاسکتا ہوں کہ ہماری حکومت حالات سنبھال لے گی۔ اس سلسلے میں ہم نے ابھی اسے اقدامات شروع کردئیے ہیں جن کے اثرات آپ کو نظر آئیں گے۔ ادھر اس معاملے میں کانگریس نے مرکزی حکومت کی خاموشی پر سوال اٹھایا ہے۔

کانگریس کے جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے کہا کہ ایم ایس ایم ای کے مرکزی وزیر نارائن رانے نے جو پیش گوئی کی ہے اس پر اب تک حکومت خاموش کیوں ہے ؟آخر وزیراعظم اور وزیر خزانہ ملک سے کیا چھپا رہے ہیں؟ کانگریس نے الزام لگایا کہ حکومت نے2014 سے ہی ایم ایس ایم ای سیکٹر کو برباد کر دیا ہے۔کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ملک میں اقتصادی عدم مساوات کی خلیج بہت گہری ہو گئی ہے۔ کیا یہ اشارہ نہیں ہے کہ حکومت معیشت کو سنبھالنے میں ناکام ہے۔ کانگریس لیڈر نے پوچھا کہ حکومت اس بارے میں مکمل معلومات کے ساتھ سامنے آئے اور وہ کون سے قدم اٹھارہی ہے اس بارے میں بھی بتایا جائے کیوں کہ ہمیں یقین ہے کہ ان کے پاس کوئی منصوبہ نہیں ہو گا۔ یہ ملک کو بہت بڑی پریشانی میں ڈالنے والے ہیں۔ انہوں نے سرکار سے سنجیدہ ہوجانے کا مطالبہ کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *