قاہرہ:(اے یو ایس)مصری حکام نے بتایا ہے کہ قاہرہ میں ہفتے اور اتوار کے روز ہونے والے فلسطینی دھڑوں کے باہمی مذاکرات غیرمعینہ مدت کے لیے ملتوی کردیے گئے ہیں۔فلسطینی دھڑوں کے درمیان ہونے والی بات چیت ملتوی ہونے سے قبل اسلامی جہاد کا ایک وفد جماعت کے سیکرٹری جنرل زیاد النخالہ کی قیادت میں قاہرہ پہنچا تھا۔ اس وفد میں اسلامی جہاد کے سیاسی شعبے کے ارکان محمد الہندی اور انور ابو طہ بھی شامل ہیں۔
العربیہ ڈاٹ کو ایک فلسطینی ذمہ دار نے بتایا کہ مصر کی طرف سے مذاکرات ملتوی کرنے کا اعلان فلسطینی دھڑوں کو حل طلب مسائل پر مزید مشاورت کا موقع دینا ہے اور اختلافات کو کم سے کم کرنے کی کوشش کرنا ہے۔فلسطینی عہدیدار نے بتایا کہ بعض فلسطینی دھڑے غزہ کی تعمیر نو، قیدیوں کے تبادلے کی ڈیل، غزہ کے محاصرے کے خاتمے، فلسطین میں انتخابات اور تنظیم آزادی فلسطین کے ڈھانچے کی تشکیل نو جیسے مسائل کو جلد حل کرنا چاہتےہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض گروپ تنظیم آزادی فلسطین کو فلسطینیوں کی واحد نمائندہ قرار دے کر جامع مذاکرات کے حل کے لیے کوشاں ہیں۔فلسطینی پیپلز پارٹی کے سیاسی شعبے کے رکن ولید العوض نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ زیربحث اور فوری حل طلب مسائل پر فلسطینیوں کا اتفاق رائے نہ ہونا مذاکرات کو ملتوی کرنے کا باعث بنا ہے۔