اسلام آباد:بدھ کو صبح صادق سے عین قبل عراق میں عین الاسداور موصل سے تقریباً80میل دور اربیل میں واقع امریکی فوجی اڈوںپر ایران کے میزائل حملوں کے چند گھنٹے بعدوزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی دھماکہ خیز صورت حال کے باعث خطہ میں بڑھتی کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خطہ کسی جنگ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔اس میں کسی کا کوئی فائدہ نہیں اور عالمی معیشت پر اس کے خراب اثرات مرتب ہوںگے۔
وزار ت خارجہ سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ بدھ کی صبح جس پر حملہ کیا گیا ہے وہ ابھی نقصان کا اندازہ لگانے میں لگا ہے ۔تاہم ابتدائی رپورٹوں سے معلوم ہوا ہے کہ اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے حالیہ بیان پر قریشی نے کہا کہ اس سے ایران کے اس ارادے کی عکاسی ہوتی ہے کہ وہ بات بڑھانا نہیں چاہتا۔
ان کے بیان سے صورت حال کی نزاکت اور تحمل برتنے کی عکاسی ہوتی ہے ۔انہوں ے مزید کہا کہ ا مریکہ کی اکثریت جنگ کے حق میں نہیں ہے اور امریکی فوج کو وہ محاذ پر نہیں دیکھنا چاہتے۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ وہ خطہ میں اپنے ہم منصبوں سے رابطے میں ہیں اور اس امر کو یقینی بنانے کی کوششوں میں لگے ہیںکہ کشیدگی زیادہ نہ پھیلے ۔