بیجنگ:(اے یوایس ) چین کے مرکزی شہر چانگشا میں امدادی کارکنوں نے چھ دن پہلے منہدم ہونے والی ایک چھ منزلہ عمارت کے ملبے کے نیچے سے ایک عورت کو زندہ نکال لیا ہے۔ریاستی میڈیا کے مطابق جب انھیں چین کے مقامی وقت کے مطابق تقریباً آدھی رات کے قریب نکالا گیا تو وہ ہوش میں تھیں اور انھوں نے امدادی کارکنوں کو بتایا کہ انھیں حفاظت سے کیسے باہر نکالیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ اس حادثے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 10 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ ابھی تک درجنوں افراد لاپتہ بھی ہیں۔عمارت میں حفاظتی اقدامات کے متعلق تحقیقات ہو رہی ہیں اور اس دوران کچھ افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔کمزور حفاظتی اور تعمیراتی معیارات اور مقامی حکام میں بدعنوانی چین میں کئی عمارتیں گرنے کا سبب بنی ہے۔
چانگشا میں امدادی کارکنوں نے زندگی کی علامات کا پتہ لگانے کے لیے روایتی طریقے استعمال کیے، جن میں زور زور سے آوازیں دینا، دستک دینا، سونگھنے والے کتوں اور اس کے علاوہ ڈرونز کا استعمال بھی شامل ہے۔جن لوگوں کو ملبے کے نیچے جمعرات کو علی الصبح زندہ نکالا گیا وہ تقریباً 132 گھنٹے سے ملبے کے نیچے پھنسے ہوئے تھے۔
