نئی دہلی: نوجوان بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت خودکشی معاملہ میں اس وقت نیا موڑ آگیا جب اداکار کے والد کرشن کمار سنگھ نے پٹنہ کے راجیونگر تھانہ میں اداکارہ اور سوشانت کی گرل فرینڈ اداکارہ ریاچکرورتی کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی۔
مقدمہ نمبر 241/20 کے تحت درج ایف آئی آر میں ریا چکرورتی پرسوشانت کو پیار کے جال میں پھنساکر اس کے پیسے نکالنے اور خودکشی کیلئے اکسانے کا الزام لگایا گیا ہے۔ اس معاملہ کی جانچ کیلئے پٹنہ سے چار پولیس اہلکاروں کی ٹیم ممبئی پہنچ گئی ہے۔
آئی پی سی کے سیکشن 340, 341, 342, 380, 406, 420, 306 کے تحت درج ایف آئی آر میں ریاچکرورتی ، اندرجیت چکرورتی ، سندھیا چکرورتی ، اشوک چکرورتی ، سیموئل مرنڈا اور شرتی مودی کو نامزد کیا گیا ہے۔اس کیس کا اہم معاملہ اقتصادی ہے۔
الزام ہے کہ ریا کے اہل خانہ نے سال بھر کے اندر سوشانت سے ساڑھے 14 کروڑ روپے اینٹھ لئے تھے۔ سارے پیسے آن لائن اکاونٹس میں ٹرانسفر ہوئے۔سارا ریکارڈ پولیس کو سونپا جاچکا ہے۔ اس معاملہ کی جانچ کیلئے پٹنہ پولیس ممبئی پہنچ گئی ہے۔
بتادیں کہ سوشانت سنگھ راجپوت خودکشی کیس میں ممبئی پولیس نے حال ہی میں ریا چکرورتی سے تقریبا گیارہ گھنٹوں تک پوچھ گچھ کی تھی۔وہیں کچھ ہی دنوں پہلے ریا چکرورتی نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے اس معاملہ میں سی بی آئی جانچ کی مانگ کی تھی۔
خیال رہے کہ سوشانت سنگھ راجپوت نے 14 جون کو اپنے باندرہ میں واقع گھر میں پھانسی لگا کر خودکشی کرلی تھی۔