نئی دہلی:اداکارہ ریا چکرورتی کو ان کے سابق بوائے فرینڈ اور اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کے لیے منشیات خریدنے کے الزام میں منگل کو گرفتار کر 14 دن کی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیاہے۔
خیال رہے کہ 34 سالہ سوشانت سنگھ جون میں ممبئی میں واقع اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے، ان کی خودکشی کے بعد میڈیا میں قیاس آرائیوں کا ایک طوفان آ گیا تھا۔ بالی وڈ کو متعدد ہٹ فلمیں دینے والے سٹار کی خود کشی کے بعد اس انڈسٹری سے وابستہ لوگوں کی ذہنی صحت پر بھی بحث شروع ہوگئی تھی۔
تاہم سوشانت کے اہل خانہ نے ان خبروں کو مسترد کردیا تھا کہ وہ ڈپریشن کا شکار تھے۔ اس کی بجائے انہوں نے 28 سالہ ریا چکرورتی پر سوشانت سے پیسے ہتھیانے اور انہیں ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا، لیکن ریا نے ان الزامات کی سختی سے تردید کی تھی۔
ریا کے علاوہ پولیس نے ان کے بھائی اور سوشانت راجپوت کے گھر میں کام کرنے والے عملے کے ایک رکن سمیت دیگر افراد کو بھی حراست میں لیا ہے۔انڈیا کی سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن گذشتہ ماہ سے سوشانت کی موت کی تحقیقات کر رہی ہے جبکہ منشیات کنٹرول بیورو (این سی بی) اس بات کی تفتیش کر رہا ہے کہ کہیں اداکار منشیات کا استعمال تو نہیں کر رہے تھے۔
وہیں این سی بی کے ڈائریکٹر موتھا اشوک جین نے صحافیوں کو بتایا: ‘ہم تمام مشتبہ افراد کی ضمانت کی درخواستوں کی مخالفت کریں گے۔’سوشانت سنگھ راجپوت کے اہل خانہ اور ریا کے مابین ایک دوسرے پر الزام تراشیوں کا سلسلہ کئی ماہ سے جاری ہے، جو اکثر وبیشتر میڈیا کی خبروں کی زینت بنتے رہتے ہیں۔