کولمبو: ہندوستانی کپتان روہت شرما کی شاندار ہاف سنچری اور ایشان کشن اور کے ایل راہل کے درمیان 63 رنز کی پارٹنر شپ کے باوجود 213 کے معمولی اسکور پر آؤٹ ہونے کے بعد اپنے فاسٹ و اسپن کے ملے جلے اٹیک کی مدد سے ہندوستان نے اس معمولی اسکور کا بھی دفاع کرتے ہوئے سری لنکا کو 41رنز سے شکست دے کر ایشیا کپ کرکٹ کے فائنل میں اپنی سیٹ ریزرو کرالی۔214ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی پوری ٹیم41.1اووروں میں 172رنز پر سمٹ گئی۔ اسپنر کلدیپ یادیو نے43 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ جسپریت بمرا اور روندرا جڈیجا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ محمد سراج کو ایک وکٹ ملی۔ایسی پچ پر جس پر ہندوستان نے اپنے سرفہرست تین اسپنروں کو ٹیم میں شامل کیا اور کسی ون ڈے میچ میں پہلی بار اس کے تمام دس کھلاڑی اسپن بولنگ کا شکار ہو گئے یہ اس کا فاسٹ اٹیک ہی تھا جس نے اپنا لوہا منواتے ہوئے کسی اسپنر کو اٹیک پر لگائے جانے سے پہلے ہی سری لنکا کے تین چوٹی کے بلے بازوں کو پویلین بھیج کر اس کی کمر توڑ دی اور ان تین وکٹوں کے گرنے کے اثرات سری لنکا کی اننگز پر اس طرح طاری رہے کہ اس کی وقفہ وقفہ سے وکٹ گرتی رہی اور ہندوستان جیت کی جانب بڑھتا رہا۔
ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور روہت شرما اور شبھمن گل کے درمیان 80رنز کی اوپننگ پارٹنر شپ کر کے ایک بار پھر لگاتار میچز میں ایک بڑا اسکور کھڑا کرنے کے اشارے دیے لیکن سری لنکا کے اسپن اٹیک نے اچانک ایسا جارحانہ حملہ کیا کہ گل کے آؤٹ ہوتے ہی ٹیم انڈیا کے کھلاڑی تاش کے پتوں کی طرح گرنا شروع ہو گئے۔اور محض 133رنز کے اضافے سے اس کے باقی کھلاڑی بھی آ ؤٹ ہو گئے۔روہت شرما 48گیندوں پر 7چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 53رنز بنا کر نمایاں رہے ۔کے ایل راہل نے 44بالوں پر دو چوکوں کے ساتھ39اور ایشان کشن نے 61گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے33رنز بنائے۔وراٹ کوہلی، اجے جڈیجہ اور ہاردیک پنڈیا دو عددی ہندسے میں پہنچے بغیر ہی آو¿ٹ ہو گئے۔ بائیں ہاتھ کے گیند باز اور مین آف دی میچ قرار دیے جانے والے دونیتھ ولاگے نے 5کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔انہوں نے اپنے پہلے اوور میں شبھمن گل، دوسرے میں وراٹ کوہلی اور تیسرے اوور میں روہت شرما کو پویلین بھیج کر اپنی دھماکہ خیز آمد کا اعلان کیا ۔ دیگر اسپن بولروں آف اسپنرز چیرتھ اسلینکا اور ماہیش تھیکشنا نے بالترتیب 4اور ایک وکٹ لی۔ ولاگے نے سری لنکا کی اننگز میں 42 رنز بھی بنائے۔انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔