وشاکھا پٹنم: ہندوستان نے افتتاحی بلے بازوں روہت شرما اورلوکیش راہل کی سنچریوں اور شریش ایر کی ہاف سنچری کے بعد گگلی پولر کلدیپ یادو کی ہیٹ ٹرک اور محمد شامی کے شاندار بولنگ کی مدد سے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ون ڈے میچ میں107رنز سے شکست دے کر 3ون ڈے میچوں کی سریز میں1-1کی برابری کر لی۔
اس جیت کے ساتھ ہی تیسرا اور آخری میچ جو اتوار کے روز اڑیسہ کے شہر کٹک میں کھیلا جا نے والا ہے فائنل کی شکل اختیار کر گیا ہے۔388ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 43.3اووروں میں 280رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
اگرچہ ایک موقع پر جب نکولس پورن اور شائی ہوپس نے اس وقت ہندوستان کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی جب ان دونوں کے درمیان چوتھے وکٹ کے لیے پارٹنر شپ ٹوٹنے کا نام نہیں لے رہی تھی۔ لیکن ان دونوں کے درمیان بتدریج خطرناک رخ اختیار کرنے والی اس پارٹنر شپ کومحمد شامی نے توڑ کر اگلی ہی گیند پر جارحانہ انداز سے بلے بازی کرنے والے کپتان کائرون پولسرڈ کو وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ہاتھوں صفر پر کیچ آؤٹ کراکے ہندوستانی خیمے میں خوشی کی لہر دوڑا دی۔
اور کپتان وراٹ کوہلی کا چہرہ، جو اس وقت تک اپنے فیلڈروں کے مکھن ملے ہاتھوں سے فیلڈنگ کرنے کے باعث بڑے فکر مند اور مایوس دکھائی دے رہے تھے،خوشی سے دمک اٹھا ۔لیکن ایک بار پھر خود کوہلی سمیت دیگر ہندوستانی فیلڈروں نے ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں کو چانس دینا شروع کر دیے۔کلدیپ نے ہوپس کو للچایا اور ہوپس لمبی ہٹ لگانے والی گیند پر لپک کر پہنچے لیکن گگلی گیند انہیں چکمہ دیتے ہوئے وکٹ کیپر پنتھ کے پاس پہنچی لیکن وہ بر وقت بیلز نہ گرا سکے۔ اگلے ہی اوور میں محمد شامی کی گیند پرو راٹ کوہلی نے ہوپس کا کیچ گرا دیا ۔
کلدیپ کے 8ویں اوور کا استقبال جیسن ہولڈر نے چھکے سے کیا لیکن کلدیپ نے اپنے اعصاب بر قرار رکھے اور اسی اوور کی چوتھی گیند پر ہوپس سے ٹیم کو چھٹکارہ دلانے کے بعد پانچویں اور چھٹی گیند پرہولڈر اور الزاری جوزف کو بھی پویلین بھیج کر جہاں اپنے کیری کی دوسری ہیٹ ٹرک کی وہیں ویسٹ انڈیز کی شکست نوشتہ دیوار کر دی۔ اس کے بعد تو صرف یہ دیکھنا رہ گیا تھا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیل اننگز کہاں تک لے جاتی ہے۔
ہوپس نے 85گیندوں پر 7چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے78، پورن نے 47گیندوں پر 6چوکوں اور چھ ہی چھکوں کی مدد سے75رنز بنائے۔جبکہ کیمو پال نے42بالوں پر 46رنز بنائے اور چار چوکے اور تین چھکے لگائے۔ کھاری پئیرے نے18گیندوں پر 3چوکوں کی مدد سے21رنز بنائے۔ان دونوں کے درمیان 9ویں وکٹ کے لیے 50رنز کی رفاقت رہی۔ محمد شامی اور کلدیپ یادو نے تین ،روندر جڈیجہ نے اور شردل ٹھاکر نے ایک وکٹ لی۔
اس سے قبل پہلے بیٹنگ کی دعوت ملنے پر ہندوستان نے 50اووروں میں5وکٹ پر 387رنز بنائے۔ روہت شرما نے 138بالوں پر 17چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے159، راہل نے104گیندوں پر 8چوکوں اور تین چھکوں کے ساتھ102اور سریش ایر نے 32بالوں پر تین چوکوں اور چار چھکوں کے ساتھ53رنز بنائے۔رشبھ پنت نے نہایت جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے صرف16گیندوں پر 3چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے39رنز بنائے۔جادھو نے 10گیندوں پر 3چوکوں کے ساتھ16رنز بنائے۔ کوہلی اس میچ میں بھی ناکام رہے اور صفر پر ہی آؤٹ ہو گئے۔ دلچسپ بات یہ رہی کہ اس میچ میں دونوں کپتان پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ روہت شرما کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔