ممبئی (اے یو ایس ) مہاراشٹر کے پالگھر کے قریب جے پور ممبئی مسافر ٹرین میں فائرنگ سے چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ ٹرین گجرات سے ممبئی آرہی تھی۔ مرنے والوں میں ایک آر پی ایف کا اے ایس آئی اور 3 مسافر بھی شامل ہیں۔ آر پی ایف کے کانسٹیبل چیتن نے سب کو گولی مار دی ہے۔ فائرنگ کا یہ واقعہ واپی سے بوریولی میرا روڈ اسٹیشن کے درمیان پیش آیا۔ جی آر پی ممبئی کے جوانوں نے کانسٹیبل کو میرا روڈ بوریولی کے وسط میں گرفتار کیا۔ نیوز پورٹل ’ا?ج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق ملزم کو بوریولی پولیس اسٹیشن لایا گیا ہے۔یہ واقعہ جے پور ایکسپریس (ٹرین نمبر 12956) کے کوچ نمبر B5 میں پیش آیا۔ یہ واقعہ آج صبح 5.23 بجے پیش آیا۔ آر پی ایف جوان اور اے ایس آئی دونوں ٹرین میں سفر کر رہے تھے۔ اسی دوران کانسٹیبل چیتن نے اے ایس آئی پر اچانک گولی چلا دی جس سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ممبئی کے ڈی سی پی ویسٹرن ریلوے سندیپ وی نے آج تک سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ ملزم کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں تھی۔ لیکن سوال یہ پیدا ہو رہا ہے کہ اگر اس کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں تھی تو پھر اسے ڈیوٹی پر کیوں تعینات کیا گیا؟پولیس کے بیان کے مطابق، ‘31.7.23 کو صبح 5.23 بجے ٹرین نمبر 12956 جے پور ایس میں اطلاع ملی کہ B5 میں گولی چلی ہے۔ معلوم ہوا کہ ایسکارٹ ڈیوٹی میں سی ٹی چیتن نے ایسکارٹ انچارج اے ایس آئی ٹکا رام پر گولی چلائی۔ ٹرین بوریولی ریلوے اسٹیشن پہنچ گئی ہے اور پیشگی اطلاع کے مطابق اے ایس آئی کے علاوہ 3 شہری ہلاک ہوئے ہیں۔ سینئر ڈی ایس سی بی سی ٹی سائٹ پر آ رہا ہے۔ مذکورہ سپاہی کو پکڑ لیا گیا ہے۔ ڈی سی پی نارتھ جی آر پی کو اطلاع دی گئی ہے۔
تفصیلی رپورٹ کا انتظار ہے۔یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ملزم کی نیت کیا تھی اور اس نے یہ گولی کیوں چلائی۔ خوش قسمتی سے اس فائرنگ کے تبادلے میں مزید کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا۔ جیسے ہی چلتی ٹرین میں فائرنگ ہوئی، ٹرین میں کہرام مچ گیا۔ فی الحال پولیس ٹرین کے مسافروں کے بیانات بھی ریکارڈ کر رہی ہے۔ پولیس نے پورے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔اس سلسلے میں ویسٹرن ریلوے نے ایک بیان جاری کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے، ‘پالگھر اسٹیشن کو عبور کرنے کے بعد، ایک آر پی ایف کانسٹیبل نے چلتی جے پور ایکسپریس ٹرین کے اندر فائرنگ کی۔ اس نے ایک آر پی ایف کے اے ایس آئی اور تین دیگر مسافروں کو گولی مار دی اور اسٹیشن کے قریب ٹرین سے چھلانگ لگا دی۔ ملزم کانسٹیبل کو اسلحہ سمیت حراست میں لے لیا گیا ہے۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔