واشنگٹن:(اے یو ایس ) امریکہ کے محکمہ خارجہ نے امریکیوں کو روس کا سفر نہ کرنے کے سابقہ انتباہ کا اعادہ کرتے ہوئے منگل کو ایک اور ٹریول ایڈوائزری جار کر کے امریکی شہریوں کو اس انتباہ کے ساتھ روس کا سفر کرنے سے باز رہنے کہا کہ وہاں روسی حکام امریکی شہریوں کو تلاش کرکے انہیں گرفتار کر سکتے ہیں۔
اس سے قبل محکمہ خارجہ نے لیول 4 کی ٹریول ایڈوائزری جاری کی تھی جس میں امریکی شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ روس کا سفر نہ کریں اور اگر وہ اس ملک میں موجود ہیں تو فوری طور پر وہاں سے روانہ ہو جائیں۔محکمے نے امریکی شہریوں کی مدد کرنے کی اپنی محدود صلاحیت کے متعلق خبردار کیا تھا۔ ساتھ ہی محکمے نے روس میں کریڈٹ کارڈ استعمال کرنے میں ناکامی، نقد رقم کی قلت اور مقامی قانون کے من مانی نفاذ سمیت بڑے پیمانے پر مسائل کے بارے میں بھی خبردار کیا تھا۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ انتباہ یوکرین پر روس کی غیر اشتعالی اور غیر منصفانہ فوجی چڑھائی اور روسی حکام کے ہاتھوں امریکی شہریوں کو ہراسان اور تنگ کیے جانے کے قوی امکانات کے پیش نظر دیا جا رہا ہے۔
