واشنگٹن: روسی سفارت خانہ واقع امریکہ نے امریکی وزارت خارجہ کے اس دعوے کو بے بنیاد اور مضحکہ خیز بتایا کہ یوکرین کے بنیادی ڈھانچے کی تنصیبات پر سائبر حملوں میں روس ملوث ہے۔روسی سفارت خانے نے بدھ کو یہ اطلاع دی۔ سفارتخانے نے کہا کہ امریکی محکمہ خارجہ نے فروری کے اوائل میں روس پر یوکرین کے فوجی مواصلات میں خلل ڈالنے کے لیے تجارتی سیٹلائٹ سسٹم پر سائبر حملہ کرنے کا الزام لگایا تھا۔
سفارتخانے نے ٹیلی گرام پر بتایا کہ امریکہ کی جانب سے لگائے گئے الزامات بے تکے اور معاملات کی اصلیت سے بھٹکانے والے ہیں۔ ہمارا ملک کبھی بھی سائبر حملوں میں ملوث نہیں رہا ہے۔ یہ روس کے اصولوں کے خلاف ہے۔ ہم اطلاعاتی و مواصلاتی ٹیکنالوجی کو محض عالمی برادری کی فلاح و بہبود اور ترقی میں استعمال کرنے کے پابند عہد ہیں ۔
سفارت خانے کے مطابق روس سمیت دیگر ممالک میں اہم ڈھانچوں اور اہم تنصیبات پر زیادہ تر کمپیوٹر حملے امریکہ کرتا ہے۔ ہماری قابل ایجنسیوں نے پچھلے چھ مہینوں میں امریکہ کو 500 سے زیادہ سائبر حملے کے پیغامات بھیجے ہیں۔سفارتی مشن نے کہا کہ کیف انتظامیہ تین لاکھ سائبر فوجیں تیار کر رہی ہے۔
