اسلام آباد: روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے حکومت پاکستان اور پاکستانی فوج کے نام اپنے ایک پیغام میں تلقین کی کہ وہ جنوب ایشیائی تنازعات پر امن اور مہذب انداز میں مبنی بر بین الاقوامی قانون طے کرے۔ ہندوستان کا دورہ مکمل کر کے پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچنے والے روسی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ان کا ملک جنوب ایشیا میں کسی بھی تنازعہ کے تصفیہ میں ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ روس اور پاکستان دونوں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیں گے اور باہم تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ روس پاکستان کی انسداد دہشت گردی لیاقت و صلاحیت کو مزید مضبوط کرنے کے لیے تیار ہے اور اس کے لیے وہ اسے خصوصی فوجی ساز و سامان بھی فراہم کرے گا۔ لیکن لاروف نے دفاعی آلات کے حوالے سے کوئی تفصیل نہیں بتائی۔
لاروف نے کہا کہ دونوں ملکوں میں عربئین مانسون بحریہ مشقوں کے طرز پر اضافی مشترکہ فوجی مشقوں کے حوالے سے بھی ایک معاہدہ ہوا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ وہ روسی ہم منصب کے ممنون و مشکور ہیں کہ انہوں نے دہشت گردی اور انتہاپسندی کو شکست دینے اور کچلنے کے لیے پاکستان کی پیشرفت کا اعتراف کیا اور وہ اس سمت ہماری صلاحیت میں مزید اضافہ کرنے میں مسرت محسوس کر رہے ہیں۔
