ماسکو:(اے یو ایس)جہاں ایک طرف تقریباً دو ہفتوں سے روس اور یوکرین کی افواج کے درمیان گھمسان کی لڑائی ہو رہی ہے وہیں انٹرنیٹ کا نیٹ ورک بھی میدان جنگ بنا ہوا ہے لیکن اس میں درپردہ معرکہ آرائی کا سلسلہ جاری ہے۔اس حوالے سے گوگل کمپنی نے منگل کے روز بتایا کہ انٹرنیٹ پر روسی ہیکروں کا گروپ یوکرین اور اس کے یورپی حلیفوں کے اہداف پر سائبر حملے کر رہے ہیں۔
مذکورہ ہیکر جاسوسی کی کارروائیوں کے حوالے سے انٹرنیٹ سیکورٹی ماہرین کے ہاں معروف ہیں۔گوگل کے مطابق روس کا مشہور در انداز یونٹ فینسی بیئر جو کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اس نے یوکرین کی میڈیا کمپنی اوکرینٹ کو جعلی ای میلز ارسال کیں۔ اس کا مقصد صارفین سے متعلق معلومات چوری کرنا ہے تا کہ روسی ہیکرز انٹرنیٹ پر لوگوں کے کھاتوں کو نشانہ بنا سکیں۔
علاوہ ازیں بیلا روس سے تعلق رکھنے والے گروپ “گھوسٹ رائٹر” نے پولینڈ اور یوکرین کے حکومتی اور عسکری اداروں کو سائبر حملوں کا نشانہ بنانے کی کوشش کی۔اسی طرح چین میں صدر دفتر رکھنے والے گروپ موسٹینگ پانڈ نے بھی وائرس کی حامل فائلیں اور مواد یورپی اداروں کو ارسال کیے۔البتہ گوگل کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا یہ سائبر حملے کامیاب رہے یا نہیں !
