ایڈیلیڈ: آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی بھیانک آگ کے متاثرین کی باز آبادکاری اور مالی امداد بہم پہنچانے کے لیے آسٹریلائی کرکٹ بورڈ کے پرچم تلے کھیلے جانے والے بش فائر ریلیف میچ میں آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ کی ٹیم کی کوچنگ ہندوستان کے ماسٹر بلاسٹر سچن ٹنڈولکر اور شین وارن الیون کی کوچنگ ویسٹ انڈیز کے سابق فاسٹ بولر کورٹنی والش کریں گے۔
8فروری کو بش فائر کرکٹ بیش کے عنوان سے کھیلے جانے والا یہ میچ بگ بیش کے فائنل سے پہلے کھیلاجائے گا ۔یہ میچ کس مقام پر کھیلا جائے گا اس کا حتمی فیصلہ 31جنوری کو کیا جائے گا۔پونٹنگ اور وارن کے ساتھ جسٹن لینگر، ایڈم گل گرسٹ ،بریٹ لی، شین واٹسن، ایلکس بلیک ویل اور مائیکل کلارک نے میچ میں حصہ لینے کی توثیق کر دی ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او کیوین رابرٹس نے کہا کہ یہ ہمارے لیے باعث صد افتخار ہے کہ ہمیںسچن اور کورٹنی کا ایک بار پھر آسٹریلیا میں،جہاں ان دونوں نے کھلاڑیوں کے طور پر زبردست کامیابیاں حاصل کیں اور اپنی صلاحیتوں و قابلیت کا لوہا منوایا، خیر مقدم کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ بش فائر ریلیف میچ کے دوران ٹسٹ اور بگ بیش لیگ کی رنگین شرٹس کی بھی نیلامی ہوگی ۔
واضح ہو کہ آسٹریلیا میں لگی اس بھیانک آگ میں جہاں 25انسانی اور کروڑوں کی تعداد میں حیوانی جان کا اتلاف ہوا ہے وہیں ڈیڑھ کروڑ ایکڑ پر محیط جھاڑی، جنگل اور پارک جل کر راکھ ہو گئے ہیں۔اس آگ سے ہزاروں مکانات کو نقصان پہنچا اور لاکھوں افراد نقل مکانی پر مجبور ہو گئے۔اگرچہ حالیہ بارشوں اور سرد موسم نے آگ کی شدت کم کردی ہے لیکن نیو ساؤتھ ویلز اور وکٹوریہ ریاستوں میں اب بھی 100سے زائد مقامات پر آگ بھڑک رہی ہے۔