نئی دہلی: شرومنی اکالی دل نے وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ننکانہ صاحب گوردوارے کی بے حرمتی پر اکسانے والے عمران چشتی کے خلاف کارروائی کے اقدامات کریں۔

اس ضمن میں پارٹی صدر سکھبی سنگھ بادل کی قیادت میں ایک وفد نے جے شنکر سے ملاقات کر کے ان سے درخواست کی کہ وہ ننکانہ صاحب گوردوارے کی بے حرمتی اور پشاور مٰں ایک سکھ کی ہلاکت کے بعد ہنگامی بنیاد پرحکومت پاکستان سے وہاں سکھوں کی سلامتی کا معاملہ اٹھائیں ۔

دریں اثنا وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ہندوستان پشاور میں ایک سکھ نوجوان کو ٹارگٹ کلنگ میں نشانہ بنا نے،ننکانہ صاحب میں بابا گورو نانک دیو جی کے جائے پیدائش مقدس گوردوارہ ننکانہ صاحب کی بے حرمتی اور ایک سکھ دوشیزہ جگجیت کور کے اغوا اور جبری تبدیلی مذہب اور پھر ایک مسلمان سے اس کی شادی کے معاملہ کی شدت سے مذمت کرتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کو دوسرے ممالک کو نصیحت کرنے کے بجائے خود اپنی اقلیتوں کی سلامتی کے اقدامات کرنے چاہئیں۔اتوار کے روز رویندر سنگھ نام کے ایک25سالہ نوجوان سکھ کی لاش ، جو اپنی شادی کی شاپنگ کے سلسلہ میں پشاور آیا تھا، چمکانی تھانے کی حدود میں پائی گئی۔

پاکستان میں اس بے رحمانہ قتل کی واردات نے عمران خان حکومت کے دور میں اقلیتوں کے خلاف تفریق برتے جانے کے متعدد معاملات میں صرف اضافہ کیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *